اسلام آباد: کووڈ۔19 کی وبا سے بچ جانے والے دنیا کے کروڑوں نوجوانوں کو مستقبل میں مزید برے حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ عالمی وبا سے محفوظ رہ جانے والے کروڑوں نوجوان مستقبل میں مزید مشکلات کا سامنا کر سکتے ہیں کیونکہ انہیں کووڈ۔19 کے باعث معاشی سست روی میں اپنا کیریئر شروع کرنے اور جاب مارکیٹ میں داخل ہونے میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید برآں آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ اقتصادی مسائل کے باعث نوجوانوں کو کئی دہائیوں تک کم آمدنی پر کام کرنا پڑے گا اور جرائم کی شرح بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ کروڑوں نوجوان اپنی گھریلو زندگی سے غیر مطمئن رہ سکتے ہیں اور ان کی طبعی زندگی کے دورانیہ میں کمی کا بھی خدشہ ہے۔
آئی ایم ایف نے عالمی اقتصادی سست روی کے باعث پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پانے کے حوالہ سے ماضی کے معاشی بحرانوں اور اقتصادی بحالی کے اعدادو شمار کا جائزہ لیا ہے۔
عالمی ادارہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے کروڑوں نوجوانوں کو مستقبل کے خدشات سے تحفظ سے بچانے کیلئے عالمی سطح پر مربوط اقدامات اور طویل مدت کی پائیدار پالیسی سازی کی ضرورت ہے تاکہ دنیا بھر کے نوجوانوں کو مستقبل کی مشکلات سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔