پہلی ششماہی، چین سے پانچ ارب 73 کروڑ ڈالر کی درآمدات

جاری مالی سال میں پاکستان نے سب سے زیادہ درآمدات چین سے کیں، متحدہ عرب امارات دوسرے نمبر پر جبکہ سنگا پور تیسرے نمبر پر رہا

207

اسلام آباد: جاری مالی سال میں پاکستان نے سب سے زیادہ درآمدات چین سے کی ہیں، دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ درآمدات متحدہ عرب امارات سے کی گئی ہیں جبکہ سنگا پور سے کی گئی درآمدات تیسرے نمبر پر رہی ہیں۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق روں مالی سال کی پہلی ششماہی میں جولائی تا دسمبر 2020ء تک چین سے پانچ ارب 73 کروڑ ڈالر کی درآمدات کی گئی ہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران چین سے کی گئی چار ارب 87 کروڑ 87 لاکھ ڈالر کی درآمدات سے 17.44 فیصد زیادہ ہیں۔

متحدہ عرب امارات سے کی جانے والی درآمدات بھی 9.39 فیصد کمی سے تین ارب 64 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں تین ارب 30 کروڑ ڈالر تک کم ہو گئیں تاہم پھر بھی پاکستان نے یو اے ای سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ درآمدات کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

موبائل فونز کی درآمدات میں ایک ہزار فیصد اضافہ

جاپان کو پاکستانی برآمدات میں 11 فیصد، درآمدات میں 8 فیصد کمی

سنگاپور کی پاکستان میں تین کروڑ 93 لاکھ ڈالر براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری

درآمدات پر 10 لاکھ سے زائد ڈیوٹی اور ٹیکس ادائیگی کیلئے ای پیمنٹ لازمی قرار

ایس بی پی کے مطابق رواں مالی سال میں پاکستان نے تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ درآمدات سنگاپور سے کی ہیں جو گزشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 24.05 فیصد اضافہ سے ایک ارب 8 کروڑ 13 لاکھ 56 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں ایک ارب 34 کروڑ 14 لاکھ 40 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔

اس طرح سعودی عرب سے کی جانے والی درآمدات میں 38.75 فیصد اور امریکا سے کی جانے والی درآمدات میں 1.64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستانی مصنوعات کا سب سے بڑا خریدار امریکہ رہا جبکہ دوسرے نمبر پر برطانیہ اور تیسرے نمبر پر چین رہا۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران امریکہ کو کی جانے والی برآمدات میں 9.94 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران امریکہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم دو ارب 28 کروڑ ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ جولائی تا دسمبر 2019ء میں امریکہ کو پاکستان نے دو ارب 7 لاکھ  ڈالر کی برآمدات کی تھیں۔

اسی طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں امریکہ کو کی جانےوالی برآمدات میں 10 فیصد کے قریب یعنی 20 کروڑ 62 لاکھ 38 ہزار ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران برطانیہ پاکستانی مصنوعات کی دوسری بڑی درآمدی منڈی رہا اور برآمدات کا حجم 10.79 فیصد اضافہ سے 86 کروڑ 33 لاکھ 33 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 95 کروڑ 64 لاکھ 98 ہزار ڈالر تک بڑھ گیا۔

چین کو پاکستانی برآمدات گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں 10.56 فیصد کم ہو کر 93 کروڑ 68 لاکھ 58 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 83 کروڑ 79 لاکھ 12 ہزار ڈالر تک رہیں تاہم پھر بھی چین پاکستان سے درآمدات کرنے والا تیسرا بڑا ملک رہا ہے۔

مزید برآں جرمنی کو کی جانے والی پاکستانی برآمدات 11.60 فیصد اضافہ سے 67 کروڑ 9 لاکھ 34 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 74 کروڑ 87 لاکھ 93 ہزار ڈالر تک بڑھ گئیں اور ہالینڈ کو پاکستانی برآمدات بھی 50 کروڑ 20 لاکھ 87 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 51 کروڑ 61 لاکھ 7 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here