اسلام آباد: گندھارا نسان موٹرز لمیٹڈ (جی این ایل) نے چینی موٹر ساز چیری گروپ (Cherry Group) کے اشتراک سے پاکستان کے آٹو سیکٹر میں دو ارب چالیس کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔
بدھ کو گندھارا نسان موٹرز کی جانب سے سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کے ساتھ بزنس پلان شئیر کیا جس میں بتایا گیا کہ دو ارب چالیس کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے چیری گروپ کے اشتراک سے پاکستان میں نئی کاریں متعارف کرائی جائیں گی۔
اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) گندھارا نسان موٹرز معظم پرویز خان اور سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ فرینہ مظہر بھی موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیے:
مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں پاکستان میں کتنی کاریں فروخت ہوئیں؟
سال 2020ء: دنیا بھر میں سب سے زیادہ کاریں کس کمپنی نے فروخت کیں؟
ہینڈز فری ٹیسٹ ڈرائیو: ٹیسلا اور جنرل موٹرز میں سے کس کا آٹو پائلٹ سسٹم بہتر ہے؟
ریگل آٹو موبائلز نے 10 لاکھ 49 ہزار روپے کی 800 سی سی ’پرنس پرل‘ متعارف کروا دی
سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کو بتایا گیا کہ گندھارا نسان موٹرز چینی کمپنی کے اشتراک سے ہیچ بیکس، سیڈان، کراس اوورز اور ایس یو ویز گاڑیاں متعارف کرائے جائیں گی جبکہ کمپنی آئندہ دو سے تین سالوں میں برقی گاڑیاں بھی متعارف کرائے گی۔
سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ نے گندھارا نسان موٹرز کی جانب سے آٹو سیکٹر میں سرمایہ کاری، بزنس پلان اور نئی متعارف کرائی جانے والی گاڑیوں کے حوالے سے منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے مزید سرمایہ کاری راغب کرنے میں مدد ملے گی جبکہ پاکستانی صارفین کو محفوظ ترین گاڑیاں دستیاب ہوں گی اور روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
انہوں نے کمپنی کو سرمایہ کاری اور الیکٹرک وہیکلز پالیسی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
گندھارا نسان معروف پاکستانی کمپنی ہے جو کراچی میں Isuzu برانڈ کے نام سے بسیں اور ٹرک بناتی ہے۔ ذرائع کے مطابق نسان پاکستان میں چیری ایس یو وی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے کیونکہ مذکورہ چینی آٹو گروپ ایس یو ویز کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے اور اس کی Tiggo 8 پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہونے کو تیار ہے۔