اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آئی ٹی پر مبنی الیکٹرانک نگرانی کے نظام ٹریک اینڈ ٹریس کیلئے پانچ سالہ لائسنس کے اجراء کے حوالے سے وصول شدہ بولیو ں کا جائزہ مکمل کرتے ہوئے کل گیارہ بولیوں میں سے آٹھ کو تکنیکی طور پر درست قرار دیا ہے۔
ایف بی آر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمباکو، سیمنٹ، چینی اور کھاد جیسی مخصوص اشیاء کیلئے آئی ٹی پر مبنی الیکٹرانک نگرانی کے نظام ٹریک اینڈ ٹریس کیلئے پانچ سالہ لائسنس کے اجراء کے حوالے سے وصول شدہ بولیو ں کا جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
کل 11 بولیوں میں سے آٹھ کو تکنیکی لحاظ سے درست قرار دیا گیا، متعین کردہ معیار کے مطابق بولیوں کو تکنیکی نمبر دیئے گئے ہیں، شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے تکنیکی نمبر مالیاتی بولیاں کھولنے سے پہلے تمام حاضر افراد کے سامنے ظاہر کئے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والے اس جائزہ اجلاس میں آٹھ تکنیکی لحاظ سے درست درخواستوں کی فنانشل بولیاں کھولی گئیں۔ کرامت اللہ خان چوہدری کی سربراہی میں سات رکنی لائسنسنگ کمیٹی نے فنانشل بولیوں کوکھولا۔
بعد ازاں آٹھ درست درخواستوں کے تکنیکی اور فنانشل سکور کو اکھٹا کیا گیا۔ لائسنسنگ قوانین 2019ء اور پیپرا قوانین 2004ء کے مطابق اے جے سی ایل آتھینٹکس میٹاس کی بولی سب سے زیادہ موافق قرار پائی۔
ترجمان نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس نظام کی بدولت ایف بی آر کے ریوینو میں بہتری آئے گی اور جعلی مصنوعات کا قلع قمع کرنے میں مدد ملے گی، ایف بی آر جولائی 2021ء سے ٹیکس سٹیمپ اجراء کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔