اسلام آباد: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں ای فائلنگ اور آفس آٹومیشن سسٹم (ای ایف او اے ایس) کے نفاذ کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالو جی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔
وزارتِ مواصلات کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید، آئی جی موٹروے پولیس سید کلیم امام، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ظفر منظور، ڈی جی پی آئی بی ٹی ساجد لطیف و دیگر اعلیٰ حکام کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالو جی بورڈ کا تیار کردہ ای فائلنگ اور آفس آٹومیشن سسٹم مختلف ٹولز پر مشتمل ہے جو نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو روز مرہ کے دفتری کاموں اور انتظامی امور میں مدد دے گا اور مجموعی طور پر ادارے کی آپریشنل اور انتظامی صلاحیتوں کو بڑھانے میں معاون ہو گا۔
اس عمل سے ناصرف نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کو وقت اور اخراجات میں کمی لانے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے موٹروے پولیس کی کارکردگی میں شفافیت اور بہتر ی بھی آئے گی۔
ابتدائی طور پر اس نظام کا نفاذ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے 12 بیٹ میں کیا جا رہا ہے، اس کی کامیاب تکمیل کے بعد موٹروے پولیس نے اسے پورے ملک میں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سید کلیم امام نے کہا کہ موٹروے پولیس کو بہت جلد پیپر سے ای فائلنگ کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔