غیرملکی سرمایہ کاری کے مقابلہ میں منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 26 فیصد اضافہ

پہلی ششماہی میں 70 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ 89 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا منافع بیرون ملک منتقل کیا گیا: سٹیٹ بینک آف پاکستان

677

اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان میں 70 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) ریکارڈ کی گئی تاہم اسی مدت میں غیرملکی سرمایہ کاری کے مقابلہ میں منافع جات کی بیرون ملک منتقلی 26 فیصد زیادہ رہی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران پاکستان میں کی گئی غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی 89 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئی۔

اس طرح جاری مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران ملک میں کی گئی غیر ملکی سرمایہ کاری کے مقابلہ میں منافع جات کی بیرون ملک منتقلی 18 کروڑ 40 لاکھ ڈالر یعنی 25.98 فیصد زیادہ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

پہلی ششماہی، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 30 فیصد کی نمایاں کمی

2020ء میں عالمی ایف ڈی آئی 42 فیصد کمی، 2021ء میں مزید گراوٹ کا امکان

ایس بی پی کے مطابق رواں سال پہلی ششماہی میں فوڈ گروپ کی جانب سے سب سے زیادہ منافع جات منتقل ہوئے، جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران فوڈ گروپ میں کی جانے والی ایف ڈی آئی سے حاصل 17 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے جبکہ گزشتہ مالی سا ل کے اسی عرصہ میں یہ حجم پانچ کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھا۔

دوسری جانب فنانشل سیکٹر میں کی گئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی منتقلی گزشتہ مالی سا ل کی پہلی ششماہی کے دوران 12 کروڑ 55 لاکھ ڈالر رہی جو رواں مالی سال میں 12 کروڑ 25 لاکھ ڈالر تک کم ہوئی ہے۔

مرکزی بینک کے مطابق کمیونیکیشن سیکٹر میں حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی گزشتہ سال کی تین کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں رواں سال پہلی ششماہی میں 11 کروڑ 93 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئی۔ اسی طرح رواں سال کے پہلے نصف میں ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں کووڈ۔19 کی وجہ سے 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے۔

ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سے گزشتہ سال کے 13 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں رواں سال کے پہلے نصف میں سات کروڑ 40 لاکھ ڈالر جبکہ تیل و گیس کی تلاش کے شعبہ میں سے گزشتہ سال کے 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی نسبت رواں سال چھ کروڑ 90 لاکھ کے منافع جات بیرون ملک منتقل کیے گئے۔

تمباکو اور سگریٹ کی صنعت کی جانب سے غیرملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی تین کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں سات کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here