برلن: جرمن گروپ سیمنز انرجی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث توانائی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کے باعث اخراجات میں کمی کیلئے 2025ء تک اپنے ملازمین کی تعداد میں سات ہزار آٹھ سو تک کمی کی جائے گی۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کورونا وائرس سے عالمی سطح پر توانائی کی صورت حال بری طرح تبدیل ہوئی ہے چنانچہ اس نے بھی اپنے اخراجات میں کمی کے لیے 2025ء تک اپنے گیس اور بجلی کے شعبوں سے ملازمین کو فارغ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس منصوبہ پر عمل سے کمپنی کی مسابقتی صلاحیت اور طویل المدتی کاسٹ سٹرکچر بہتر ہوں گے۔ اس کے کل 90 ہزار ملازمین ہیں جن میں سے ہر بارہواں شخص 2025ء تک فارغ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ان میں جرمنی سے تین ہزار جبکہ امریکا اور دیگر خطوں سے 3100 ملازمین فارغ کیے جائیں گے۔