لاہور: پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے رواں مالی سال 2020-21ء کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران 85.9 ارب روپے ٹیکس جمع کیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 38 فیصد زیادہ ہے۔
سال 2021ء میں بھی پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ٹیکس جمع کرنے کے حوالے سے کارکردگی شاندار رہی اور جنوری میں 11.23 ارب کا ہدف حاصل کیا گیا جو جنوری 2020ء کے 10.21 ارب روپے سے 10 فیصد زیادہ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
ایف بی آر نے جنوری میں ہدف سے 24 ارب روپے زائد ٹیکس جمع کر لیا
ایف بی آر کو ایک کروڑ 44 ہزار کے جعلی ریفنڈز وصول کرنیکا حکم
پہلی ششماہی، بینکوں سے رقوم نکلوانے پر حکومت کو چار ارب 20 کروڑ ٹیکس آمدن
یاد رہے کہ گزشتہ سال کے دوران فنانس ایکٹ میں بڑا ریلیف دیتے ہوئے حکومت نے 25 سے زائد سروسز پر ٹیکس کی شرح 16 فیصد سے کم کرکے پانچ فیصد کر دی تھی اس کے باوجود جنوری 2021ء میں ٹیکس ہدف پورا کیا گیا ہے جو کسی بھی سال کے پہلے مہینے میں اب تک کی سب سے زیادہ ٹیکس آمدن ہے۔
مجموعی طور پر پنجاب ریونیو اتھارٹی نے مالی سال 2020-21ء کے پہلے سات ماہ میں 85.9 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی ہے جو گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے پہلے سات ماہ کے 62.2 ارب روپے کے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہے۔
اس طرح پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 125 ارب روپے کے سالانہ ٹیکس ہدف کا 69 فیصد پہلے سات مہینوں میں حاصل کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کورونا وبا کے باعث متاثر ہونے کے باوجود پی آر اے نے اپنی توقع سے زیادہ ٹیکس ہدف حاصل کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پی آر اے کی اچھی کارکردگی پنجاب حکومت اور وزیر خزانہ کی اس پالیسی کا نتیجہ ہے جس میں ٹیکس ہدف حاصل کرنے کیلئے سختی کی بجائے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور ان کو سہولت فراہم کی گئی ہیں۔ چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اس کامیابی کو اپنی ٹیم کی سخت محنت اور وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کی مدد اور وژن کا نتیجہ قرار دیا۔