اسلام آباد: چین سے کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین سائنو فارم کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی جو اسلام آباد کے نورخان ائیربیس پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے وصول کر لی ہے۔
سوموار کو نورخان ایئربیس پر کورونا وائرس کی ویکسین لے کر پاک فضائیہ کا جہاز اترا تو ہوائی اڈے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، معاوم خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، پاکستان میں چین کے سفیر اور دونوں ملکوں کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے ایک بار پھر پاکستان کیساتھ لازوال دوستی کا مظاہرہ کیا۔ کورونا کیخلاف اقدامات میں چین پاکستان کے شانہ بشانہ رہا اور پاکستان کو ویکسن کی پانچ لاکھ خوراکیں تحفتاً دی ہیں۔
نور خان ایئر بیس پر ویکسین کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ آج حکومت چین کی جانب سے عطیہ کی گئی ویکسین پاکستان پہنچ گئی ہے اور پاکستان چینی ویکسین حاصل کرنے والا پہلا ملک ہے۔
چین کے سفیر کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ہر کوئی اس بات سے اتفاق کرے گا کہ صرف اس ویکسین کی پاکستان میں ضرورت نہیں تھی بلکہ دونوں ملکوں کے بھائی چارے کا عملی مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کوویکس پاکستان کو کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں فراہم کریگا
چینی سفیر نے کہا کہ صدر شی جن پنگ متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ چین نے اپنے وعدے پر پورا اترتے ہوئے ایک ماہ کے اندر ہی دنیا بھر کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی ہے اور اس سلسلے میں معاوت کے لیے اپنی بہترین کاوشوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
بعد ازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ کہ نور خان ایئربیس پر کورونا وائرس سے بچاﺅ کی ویکسین سائنوفارم سرکاری طور پر پاکستان نے وصول کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کے ذریعے ہم اپنی مہم کا آغاز کریں گے جس کو ابتدائی طور پرفرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو دی جائے گی، امید کرتے ہیں کہ اس سے ہمیں بیماری سے بچاﺅ میں مدد ملے گی۔ ہم چینی حکومت کے شکرگزار ہیں جنہوں نے سب سے پہلے پاکستان کو ویکسین تحفے کے طور پر دی۔