اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے 30 جون 2021ء تک کی مدت میں وزیراعظم کے ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر پانچ ضروری اشیاء پر عمومی زرِ اعانت کو جاری رکھنے کی منظوری دیدی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں اسدعمر، اعظم خان سواتی، حماد اظہر، عبدالرزاق داد، علی حیدرزیدی، ڈاکٹرعشرت حسین، سید فخرامام، ڈاکٹر وقارمسعود، تابش گوہر اور گورنرسٹیٹ بینک رضا باقر نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن سے متعلق تین تجاویز پیش کی گئیں، ای سی سی نے یکم جنوری 2021ء سے لیکر 30 جون 2021ء تک کی مدت میں وزیراعظم کے ریلیف پیکج کے تحت پانچ ضروری اشیاء پر عمومی زرِ اعانت کو جاری رکھنے کی تجویز کی منظوری دیدی۔
وزارت صنعت و پیداوار نے ای آر پی پرکیورمنٹ اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے سٹاک کے انتظام وانصرام کیلئے آٹومیشن کے ضمن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچہ کیلئے دو ارب 33 کروڑ 20 لاکھ روپے کی دوبارہ تخصیص کی تجویز دی۔ ای سی سی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت خزانہ سے مشاورت کی ہدایت کے ساتھ اس تجویز کی اصولی منظوری دیدی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن وزارت صنعت و پیداوار کے ذریعہ ضروری اشیاء پر زرِ اعانت کیلئے مخصوص شرح پر کام کرکے نظرثانی شدہ تجویز ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گا۔