لاہور: پنجاب حکومت نے لاہور کی سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی توسیع کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
گزشتہ روز صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب انڈسٹڑیل اسٹیٹ ڈویلپپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کے زیرانتظام صنعتی مراکز کی کالونائزیشن، ترقیاتی امور، انفراسٹرکچر کی فراہمی اور دیگر انتظامی و مالی امور کا جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری صنعت و تجارت واصف خورشید، چیئرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی، سی ای او جاوید الیاس، ممبر بورڈ عارف قاسم اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کی توسیع کی اصولی منظوری دیتے ہوئے آئندہ اجلاس میں توسیع کا قابل عمل ماڈل تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیے:
پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے کا فیصلہ
پنجاب میں کاروباری آسانی کے حوالے سے ایپ اور مانیٹرنگ ڈیش بورڈ متعارف
پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انویسٹر ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ
میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخوپورہ پورہ میں موٹروے کے نزدیک قائداعظم بزنس پارک کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، انٹرچینج کی تعمیر، لیبر کالونی، بزنس سینٹر اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے منصوبے ٹائم لائن کے اندر مکمل کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کی فراہمی سے صنعتی مراکز کی آباد کاری کا عمل تیز ہو گا، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے صوبے میں صنعت کاری کا عمل تیز ہوا ہے۔
میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ حکومت کی صنعت دوست پالیسیاں بار آور ثابت ہو رہی ہیں۔ گزشتہ اڑھائی سالوں میں صنعتی مراکز میں نئی صنعتیں لگنے سے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک سال کے اندر 71 نئے صنعتی یونٹس لگ چکے ہیں، چیئرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی نے بتایا کہ فریش گریجوایٹس کیلئے تین ماہ اور ایک سال پر محیط انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے اور انٹرن شپ پروگرام میں حصہ لینے والے امیدواروں کو معقول معاوضہ بھی دیا جائے گا۔