برطانیہ کا بلوچستان میں کووِڈ-19 کیخلاف اقدامات کیلئے 35 لاکھ پاﺅنڈ امداد کا اعلان

670

اسلام آباد: برطانیہ نے کووِڈ-19 پر قابو پانے کے لئے بلوچستان کے لئے 35 لاکھ پاﺅنڈ امداد کا اعلان کر دیا۔ امداد کا اعلان ہائی کمشنر نے دورہ کوئٹہ کے دوران کیا۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے کہا کہ کووِڈ-19 کی وبائی بیماری نے عالمی معیشت کو شدید متاثر کیا ہے اور اس کا نتیجہ صوبہ بلوچستان میں غذائی قلت کی شکل میں سامنے آیا ہے۔

اعلان کردہ برطانوی امداد ضرورت مند خواتین اور بچوں کو زندگی بچانے والی خوراک اور ضروریات کی فراہمی میں استعمال ہوگی۔ اس امداد سے آنے والی نسل کا بہتر آغاز ممکن ہو گا۔

بلوچستان میں عالمی وبائی بیماری کووِڈ-19 سے پہلے ہی غذائی قلت اور خوراک کی عدم دستیابی کی شرح زیادہ تھی۔ کووِڈ-19 نے معاش کو متاثر کرتے ہوئے صورتحال کو مزید خراب کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی امداد سے صحت مند خوراک کی فراہمی کے ایک منصوبے کے ذریعے 41 ہزار سے زیادہ خواتین اور بچوں کو غذائی ضروریات کے حصول میں مدد ملے گی۔

یہ منصوبہ کمیونٹی کے امدادی کارکنوں کو غذائیت کی کمی کا شکار بچوں، حاملہ خواتین اور زچگی سے حالیہ فارغ ہونے والی ماں کی شناخت اور ان کی مدد کرنے میں تعاون فراہم کرے گا۔

برطانوی امداد ورلڈ فوڈ پروگرام اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (IRC) کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔ منصوبے کے مطابق امدادی رقم کا کچھ حصہ خوراک اور دیگر ضروری اشیائے ضرورت کے انتظام کے لئے نقد رقوم کی ادائیگی کے لئے بھی استعمال ہوگا۔

برطانوی امداد سے صوبہ بلوچستان میں مجموعی طور پر ایک لاکھ چونسٹھ ہزار افراد کی مدد کی جائے گی۔ برطانوی ہائی کمشنر نے اپنے دورہ بلوچستان کے دوران وزیرِ اعلی بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کی۔ انہوں نے بلوچستان کی معیشت سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here