اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ افریقی ممالک کو برآمدات بڑھانے کی وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستانی برآمدکنندگان ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
ہفتہ کو انہوں نے کراچی میں ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا، اس موقع رزاق دائود کو سوڈان کے شہر خرطوم میں ہونے والے بین الاقوامی تجارتی میلے میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت پر بریفنگ دی گئی۔
بین الاقوامی تجارتی میلہ 21 تا 28 جنوری تک جاری رہا، اس میلے میں پاکستانی کمپنیوں نے 20 لاکھ ڈالر کا کاروبار کیا۔ اس موقع پر ٹڈاپ اور پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی کمپنیوں کو بھرپور سہولیات فراہم کیں۔
مشیر تجارت نے کہا کہ افریقہ میں انجینئرنگ اور دوا سازی کی مصنوعات کے بہت زیادہ مواقع ہیں،انہوں نے ملکی برآمدات کو فروغ دینے میں ٹڈاپ کے کردار کو بھی سراہا۔