ایک ہفتے میں 18 اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ

261

اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے مطابق 28 جنوری 2021ء کو ختم ہونے والے ہفتہ میں چکن کی قیمت میں 14.81 فیصد، سرخ مرچ پائوڈر کی قیمت میں 9.40 فیصد، کوکنگ آئل (5 لیٹر) 4.11 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی کی قیمت میں 3.83 فیصد اضافہ ہوا۔

ڈھائی کلو بناسپتی گھی کی قیمت میں 3.56 فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمت میں 1.38 فیصد اور واشنگ سوپ کی قیمت میں 2.15 فیصد کا اضافہ ہوا جس کی وجہ سے مجموعی طور پر مشترکہ آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریے میں  0.52 فیصد اضافہ ہوا۔

ہفتہ کے دوران 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 24 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ان میں ٹماٹر، انڈے، آلو، پیاز، ایل پی جی، چینی، دال مونگ، کیلا اور آٹے کا تھیلا شامل ہے۔

ٹماٹر کی قیمت میں 29.82 فیصد، انڈے 8.20 فیصد، آلو 3.37 فیصد، پیاز 2.28 فیصد، ایل پی جی 1.73 فیصد، چینی 1.54 فیصد، دال مونگ 0.68 فیصد، کیلا 0.32 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.07 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہانہ آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.43 فیصد اضافہ ہوا، 17 ہزار 733 روپے سے لیکر 22 ہزار 888 روپے آمدن والے گروپ کیلئے 0.51 فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح 22 ہزار 889 روپے سے لیکر 29 ہزار 517 روپے آمدن والے گروپ کیلئے مہنگائی 0.53 فیصد بڑھی، 29 ہزار 518 روپے سے لیکر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.56 فیصد فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here