تہران: ایران اور روس کے درمیان انفارمیشن سیکورٹی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، اس موقع پر دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ بھی موجود تھے۔
ایران اور روس کے درمیان انفارمیشن سیکورٹی کے میدان میں تعاون کے سمجھوتے کو سائبر سیکورٹی کے میدان میں تعاون کا سنگ میل سمجھا جا رہا ہے۔ اس سمجھوتے کی خصوصیت قومی سلامتی اور بین الاقوامی انفارمیشن کی ضمانت کے لئے علاقائی و عالمی حلقوں میں فریقین کے درمیان تعاون و ہم اہنگی پیدا کرنا ہے۔
اس معاہدے کے تحت ایران اور روس کے مابین تعاون کے مخصوص شعبوں میں انفارمیشن سیکورٹی کو مضبوط بنانا، مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے انجام دیئے جانے والے جرائم کا مقابلہ کرنا، ٹیکنیکل اور ٹیکٹیکل مدد، شناسائی و ہم اہنگی کے لئے بین الاقوامی تعاون اور سیکورٹی کی ضمانت کے لئے علاقائی و عالمی حلقوں میں لازمی تعاون شامل ہے۔
انفارمیشن سکیورٹی کے میدان میں ایران اور روس کے درمیان ہونے والے تعاون کے معاہدے میں خطرات کا مقابلہ کرنے، اطلاعات و معلومات کا تبادلہ کرنے، جرائم کا پتہ لگانے اور ان کی روک تھام کے لئے قانونی چارہ جوئی کے میدان میں تعاون کرنے، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے دہشتگردانہ جرائم کی عدالتی تحقیقات اور اس کے خلاف کارروائی اور کمپیوٹر جرائم و واقعات کا نوٹس لینے جیسی شقیں شامل ہیں۔