پہلی ششماہی، کٹلری کی برآمدات سے پانچ کروڑ 94 لاکھ ڈالر آمدن

526

اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران کٹلری کی برآمدات 25.4 فیصد بڑھ گئیں۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران کٹلری کی برآمدات کا حجم پانچ  کروڑ 94 لاکھ 78 ہزار ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سا ل میں جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران چار کروڑ 74 لاکھ 28 ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں کٹلری کی قومی برآمدات میں ایک کروڑ 20 لاکھ 50 ہزار ڈالر یعنی 25.41 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ماہانہ اعتبار سے دسمبر 2020ء کے دوران نومبر 2020ء کے مقابلے میں کٹلری کی برآمدات میں کمی دیکھنے میں آئی، دسمبر میں برآمدات کا حجم 99 لاکھ 78 ہزار ڈالر رہا جبکہ نومبر میں ایک کروڑ چار لاکھ ڈالر کی کٹلری برآمد کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ملکی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں پانچ فیصد جبکہ دسمبر 2020ء میں 18.31 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق جولائی سے لیکر دسمبر 2020ء کی مدت میں پاکستان کی برآمدات کا حجم 12.098 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں 11.524 ارب ڈالر کے مقابلہ میں پانچ  فیصد زیادہ ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here