فیصل آباد: ورلڈ بینک نے فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کو واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے بی او ٹی کی بنیاد پر تین کروڑ 11 لاکھ ڈالر (پانچ ارب روپے) فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
ورلڈ بینک نے مذکورہ رقم کی منظوری اکنامک زونز میں موجود اور مزید لگنے والی انڈسٹری سے نکلنے والے انڈسٹریل واٹر کی ٹریٹمنٹ کی غرض سے ایفلونٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے دی ہے۔
اس طرح لگنے والا یہ ایفلونٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت ترجیحی بنیادوں پر بننے والے پاکستان کے پہلے اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد اور ایم تھری انڈسٹریل سٹیٹ فیصل آباد کی انڈسٹری کے ویسٹ واٹر کو ٹریٹ کرکے دوبارہ استعمال کے قابل بنا سکے گا۔
فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ ایفلونٹ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگنے سے ناصرف انڈسٹریل سٹیٹس میں زیر زمین آبی ذخائر کو آلودگی سے بچایا جا سکے گا بلکہ عالمی ماحولیاتی قوانین کی تکمیل کرتے ہوئے ویسٹ واٹر کو دوبارہ سے قابل استعمال بنا کر اسے زرعی مقاصد کیلئے بھی استعمال میں لایا جا سکے گا۔