پشاور: خیبرپختونخوا کی پروونشل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) نے 19.11 ارب روپے لاگت کی 24 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکییل قادر خان کی زیرِصدارت پی ڈی ڈبلیو پی کا 15واں اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں سمیت صحت، تعلیم، ملٹی سیکٹر ڈویلپمنٹ، سڑکوں، زراعت، پانی، اربن ڈویلپمنٹ، ریونیو اور ٹورازم اینڈ سپورٹس کی ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی۔
منظورشدہ منصوبوں میں ایبٹ آباد، بونیر، ہری پور، صوابی، ہنگو اور مانسہرا میں 1.59 ارب روپے مالیت کی مختلف سڑکوں کی فیزیبیلیٹی اور تعمیر شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
فنڈز کی عدم فراہمی پر خیبرپختونخوا میں کئی ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار
پنجاب میں پانچ ترقیاتی سکیموں کیلئے 19 ارب سے زائد فنڈز منظور
تعلیم کے شعبے میں پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، مردان، صوات اور ایبٹ آباد میں موجودہ 9 نرسنگ سکولز کی اپ گریڈیشن، پشاور میں ضم شدہ علاقوں کے اضافی 50 طلباء کی رہائش کے لیے خیبر گرلز میڈیکل کالج کی توسیع اور اپردیر میں 152.25 ملین روپے لاگت کی واٹر سپلائی سکیمیں شامل ہیں۔
فاٹا انفراسٹرکچر پروجیکٹ کے تحت پی ڈی ڈبلیو پی نے ضلع باجوڑ میں 338.044 ملی روپے لاگت سے مکمل طور پر تباہ حال 11 سکولوں اور ضلع مہمند میں 831.461 ملین روپے لاگت کے مکمل طور پر تباہ حال 27 سکولوں کی دوبارہ سے تعمیر کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
دیگر منظور شدہ منصوبوں میں صوات میں ایگریکلچر یونیورسٹی کے لیے اراضی کی خریداری، چھوٹے ڈیمز کے کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ کی فیزیبیلیٹی سٹڈی، نوشہرا اور ایبٹ آباد میں ہاکی ٹرف، مہمند اور باجوڑ میں سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن، ضم شدہ اضلاع میں بورڈ آف ریونیو میں ریسورس سینٹر اور ای سٹیمپ کے قیام کی منظوری شامل ہے۔