اسلام آباد: قومی اقتصادی کونسل (ای سی این ای سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی نے پاک چین آپٹیکل فائبر کیبل (او ایف سی) پروجیکٹ فیز ٹو کی منظوری دیدی ہے جس کی مالیت 37 ارب 90 کروڑ روپے ہے۔
ایکنک کے ذرائع کے مطابق اس منصوبے سے چین پاکستان اقتصادی راہداری روٹ کے ساتھ ساتھ خنجراب سے کراچی تک کراس بارڈر آپٹیکل فائبر کیبل نیٹ ورک کے قیام کی راہ ہموار ہو گی۔
یہ بھی پڑھیے:
حکومت نے دِیر موٹروے کو سی پیک میں شامل کر لیا
سی پیک کا متبادل روٹ تعمیر کرنے پر غور
سات سالوں میں سی پیک منصوبوں پر کتنے ارب ڈالر سرمایہ کاری ہوئی؟
خیال رہے کہ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے چین کے ساتھ کراس بارڈر آپٹک فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے کی منظوری دسمبر 2020ء میں دے دی تھی تاہم مذکورہ منصوبے کو حتمی منظوری کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) کے پاس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ملک کے مالیاتی قوانین کے مطابق سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی 10 ارب روپے تک لاگت کے منصوبوں کی منظوری دینے کی مجاز ہے، 10 ارب سے زائد لاگت کے منصوبوں کی تکنیکی طور پر منظوری کے بعد حتمی منظوری کیلئے ایکنک کے پاس بھجوایا جاتا ہے۔
یہ منصوبہ پاکستان کے شمالی بارڈر کو چین کے ساتھ بین الاقوامی رابطے کے لئے متبادل راستہ فراہم کرے گا اور پاکستان کو علاقائی رابطے کے لیے ڈیجیٹل گیٹ وے کے طور پر تبدیل کرے گا۔