جنیوا: امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور جرمن دوا ساز کمپنی بائیو این ٹیک آئندہ ماہ غریب ترین اور کم آمدن والے ممالک کو کم از کم چار کروڑ کورونا وائرس کی ویکسین بھیجیں گے۔
عالمی ادارہ صحت کی کوویکس اسکیم کے تحت رواں سال غریب ممالک کی بیس فیصد آبادی کو کورونا ویکسین فراہم کی جائے گی۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریاسس نے جنیوا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسی کی کوویکس اسکیم کے ذریعے فائزر اور بائیو این ٹیک کے ساتھ غریب ملکوں کے لیے چار کروڑ ویکسین فراہم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اس کے علاوہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی تک ایسٹرا زینیکا کی جانب سے مزید 15 کروڑ ویکسینز بھی فراہم کی جائیں گی۔
ٹیڈروس نے مزید کہا کہ نئے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے کوویکس اسکیم میں امریکا کی شمولیت کے فیصلے کا مطلب ہے کہ عالمی ادارہ اپنے وعدے کو پورا کرنے کے قریب ہے۔
دوسری جانب فائزر کا کہنا ہے کہ اس کی ویکسین کو کافی کم درجہ حرارت پر محفوظ رکھنے کی ضرورت ہونے کے باعث اس کی ترسیل کے لیے خصوصی گاڑیوں کا استعمال لازمی ہے اور خاص طور پر گرم موسم کے حامل ممالک کے لیے یہ عمل کافی مشکل ثابت ہو سکتا ہے۔