اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 7.27 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، مالی سال کے دوران امریکا کو پاکستانی برآمدات میں 9.93 فیصد جبکہ امریکا سے درآمدات میں 1.64 فیصد اضافہ ہوا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر دسمبر 2020ء تک کی مدت میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم دو ارب 28 کروڑ ڈالر سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔
جاری مالی کی پہلی ششماہی میں امریکا کیلئے برآمدات میں 9.93 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال کے پہلے نصف میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم دو ارب 74 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
پہلی بار پاکستان کی برطانیہ کو برآمدات ایک ارب ڈالر سے متجاوز
پہلی ششماہی میں برآمدات میں 5 فیصد، دسمبر میں 18 فیصد اضافہ
’پاکستان نے برآمدات میں بھارت، بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دیا‘
مشرقی ایشیائی ممالک سے پاکستان کی درآمدات میں 10 فیصد اضافہ، برآمدات میں 11 فیصد کمی
اسی طرح دسمبر 2020ء میں امریکا کو پاکستان نے 42 کروڑ 74 لاکھ 50 ہزار کی مصنوعات برآمد کیں جو دسمبر 2019ء میں امریکا کو 32 لاکھ 96 ہزار 10 ہزار ڈالر کی برآمدات سے 28.86 فیصد زیادہ رہیں۔
ایس بی پی کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں امریکا سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 1.64 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
جولائی تا دسمبر 2020ء کی مدت میں امریکا سے درآمدات کا حجم 99 کروڑ 35 لاکھ 80 ہزار ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 97 کروڑ 75 لاکھ 20 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2020ء میں امریکا سے درآمدات کا حجم 19 کروڑ 29 لاکھ 90 ہزار ڈالر ڈالر رہا جبکہ دسمبر 2019ء میں 24 کروڑ 84 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملکی برآمدات میں محض پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے، جولائی سے لے کر دسمبر 2020ء تک برآمدات سے 12 ارب 10 کروڑ ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ گزشتہ برس کی پہلی ششماہی کے دوران برآمدات کا حجم 11 ارب 52 کروڑ رہا تھا۔
اسی طرح پہلی ششماہی میں پاکستان کا درآمدی بل گزشتہ برس کی اسی مدت کے 23.2 ارب ڈالر کے مقابلے میں 5.72 فیصد اضافے سے 24.52 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2019-20ء میں امریکا کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم تین ارب 89 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی طرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء امریکا سے مجموعی درآمدات کا حجم 2.263 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔