اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران پاکستان کی فارما سیوٹیکلز کی برآمدات میں 23.62 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2020ء کے دوران فارما سیوٹیکل برآمدات کا حجم 13 کروڑ 87 لاکھ 51 ہزار ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات سے 11 کروڑ 22 لاکھ 38 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران فارما سیوٹیکلز کی برآمدات میں دو کروڑ 64 لاکھ 13 ہزار ڈالر یعنی 23.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بالحاظ وزن بھی برآمدات 31.61 فیصد تک بڑھ گئیں اور برآمدات 7428 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 9776 میٹرک ٹن ہو گئیں۔
ادھر دسمبر 2019ء کے مقابلہ میں دسمبر 2020ء کے دوران ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات میں 26.53 فیصد اضافہ ہوا اور برآمدات کی مالیت ایک کروڑ 95 لاکھ 21 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں دو کروڑ 47 لاکھ ڈالر ڈالر تک پہنچ گئی۔
اسی طرح نو مبر 2020ء کے مقابلہ میں ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات دسمبر 2020ء کے دوران بھی 1.07 فیصد تک بڑھی ہیں۔ نومبر 2020 کے دوران برآمدات کا حجم دو کروڑ 44 لاکھ 38 ہزار ڈالر رہا تھا جو دسمبر 2020ء کے دوران دو کروڑ 47 لاکھ ڈالر تک بڑھ گیا۔