لاہور: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نئے سی این جی اسٹیشن لگانے کیلئے لائسنس پر پابندی بالآخر 12 سال بعد ختم کر دی۔
اوگرا کے مطابق صرف ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کی فروخت کیلئے سی این جی اسٹیشن چلانے کا لائسنس جاری کیا جائے گا، اس حوالے سے اتھارٹی نے مختلف اخبارات میں اشتہار بھی دیا ہے جس میں لائسنس کے حصول کیلئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
جنوری 2008ء میں نگران وزیراعظم محمد میاں سومرو نے سی این جی اسٹیشن لگانے کیلئے لائسنس جاری کرنے پر پابندی لگا دی تھی اور نئے سی این جی کنیکشن دینے سے بھی روک دیا تھا۔
اپریل 2011ء میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے چھ ماہ کیلئے ملک بھر میں گیس کے انڈسٹریل اور کمرشل کنیکشن دینے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
تاہم ستمبر 2011ء میں حکومت نے اوگرا کی تجویز پر پابندی ہٹا دی اور متعلقہ درخواست گزاروں کو سی این جی کے مارکیٹنگ لائسنس جاری کرنا شروع کر دئیے۔
تاہم جنوری 2013ء میں ایک بار پھر اُس وقت کی وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے سی این جی لائسنس جاری کرنے پر پابندی کی سفارش کی جس پر وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے دوبارہ پابندی عائد کر دی۔