’ہائوسنگ سیکٹر میں رواں سال 660 ارب کے منصوبوں کا آغاز ہو گا‘

وزیراعظم کی سمندر پار پاکستانیوں کو ہائوسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کی خصوصی ہدایت

151

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ہائوسنگ منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کے لئے ذاتی اور کم لاگت چھت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

جمعرات کو قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا ہفتہ وار اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی انور علی حیدر نے رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ کے فورم سے ٹیکس مراعات، بینک فنانسنگ، مارک اَپ سبسڈی کے ضمن میں حوصلہ افزا نتائج پر بریفنگ دی اور حکومتی و نجی شعبے کی جانب سے ہائوسنگ منصوبوں میں اب تک ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

سیکرٹری ہائوسنگ نے اجلاس کو بریفنگ دی کہ رواں سال تقریباً 660 ارب روپے کے تعمیراتی منصوبوں کا آغاز ہو جائے گا۔ سیکرٹری ہائوسنگ نے شرکاء کو وزارت ہائوسنگ کے ملک میں سستے اور کم لاگت ہائوسنگ منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے ہائوسنگ فنانس کے حوالے سے متعین کردہ اہداف میں توقع سے بڑھ کر کامیابی پر شرکاء کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے عوام الناس کو بینکوں سے مکانات کی تعمیر کے لئے قرضوں کے حصول میں آسانی فراہم کرنے اور شکایات کے ازالے کے لئے اسٹیٹ بینک آن لائن پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا آغاز اگلے ہفتے کر دیا جائے گا۔

اس آن لائن پورٹل کے قیام کی بدولت عوام کو بینکوں سے قرضوں کے حصول میں درپیش مشکلات اور تاخیر کا خاتمہ ممکن ہو گا۔ اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کے 16 ریجنل دفاتر میں عوام کی سہولت کے لئے اسپیشل کاونٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

پورٹل کے ذریعے بینکوں کے ریجنل فوکل پرسنز اور اسٹیٹ بینک کے چیف مینیجرز درخواستوں پر عملدرآمد کے حوالے سے مانیٹرنگ کر کے قرضوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ قرضوں کے حصول کے حوالے سے عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے آن لائن پورٹل کے قیام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کی بدولت عام آدمی کو گھر کی تعمیر کے لئے قرض کے حصول میں آسانی ممکن ہو گی۔

وزیراعظم نے ہائوسنگ منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی متعین کردہ مدت کے اندر تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کے لئے ذاتی اور کم لاگت چھت کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کو ہائوسنگ اور تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔

وائس چیئرمین ایل ڈی اے نے نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت کم آمدنی والے طبقے کے لئے اپارٹمنٹس اسکیم کے منصوبے پر پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے شرکاء کو آگاہ کیا کہ اس منصوبے کا جلد ہی آغاز کر دیا جائے گا۔

سمندر پار پاکستانیز کی وزارت کی جانب سے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے رہائشی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختون خواہ کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے موجودہ ہائوسنگ سکیموں اور اضافی سائیٹس کی ڈویلپمینٹ پر پیش رفت پر آگاہ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here