اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین 31 جنوری تک پاکستان کو پانچ لاکھ کووڈ۔ 19ویکسین کی خوراکیں فراہم کرے گا۔
جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میری دسمبر میں چینی وزیر خارجہ سے اس حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر میری چینی وزیر خارجہ سے (آج) جمعرات کو دوبارہ گفتگو ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ چین نے وعدہ کیا ہے کہ پانچ لاکھ ویکسین ڈوزز 31 جنوری تک پاکستان کو تحفتاً مہیا کر دی جائیں گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مستقبل قریب میں ہماری ضرورت ایک کروڑ 10 لاکھ خوراکوں کی ہے جس پر چینی وزیر خارجہ نے یقین دلایا ہے کہ مطلوبہ مقدار میں ویکسین فروری کے آخر تک مہیا کر دی جائے گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کورونا کا مقابلہ پوری قوم نے مل کر کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان خود کورونا وبا سے متعلقہ تمام اہم اجلاسوں کی سربراہی کرتے رہے، ہمارا اگلا چیلنج اس وبا سے نبرد آزما ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور عمررسیدہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ویکسین کی دستیابی تھی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے چینی ہم منصب کو آگاہ کیا ہےکہ پاکستان مین کین سائینو ویکسین کے ٹرائلز کامیابی سے جاری ہیں، پاکستان کی بائیس کروڑ آبادی کے پیش نظر ٹرائل کی تکمیل کے بعد چین کے تعاون سے پاکستان میں اس کی تیاری کا ارادہ رکھتے ہیں جس پر چین نے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔