پنجاب کابینہ نے سنگل نیشنل کریکولم کی منظوری دیدی

طلباء کو بغیر امتحان پروموٹ نہیں کیا جائے گا، چھٹیوں کے دوران دئیے گئے کام کے نمبر 50 فیصد ہونگے اور بقیہ 50 فیصد نمبروں کیلئے امتخانات لئے جائیں گے: صوبائی وزیر تعلیم مراد راس

167

لاہور: پنجاب کابینہ نے سنگل نیشنل کریکولم کی منظوری دیدی ہے جبکہ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ طلباء کو بغیر امتحان پروموٹ نہیں کیا جائے گا، چھٹیوں کے دوران دئیے جانے والے کام کے نمبر 50 فیصد ہوں گے اور بقیہ 50 فیصد نمبروں کے لئے امتخانات لئے جائیں گے۔

گزشتہ روز لاہور میں معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ گزشتہ سال طلباء کو بغیر امتحانات پروموٹ کیا گیا مگر رواں سال ایسا نہیں ہو گا، طلباء کو چھٹیوں کے دوران دئیے جانے والے کام کے نمبر 50 فیصد ہوں گے اور بقیہ 50 فیصد نمبروں کے لئے امتخانات لئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے سنگل نیشنل کریکولم کی منظوری دیدی ہے اور اب اس پر کام جاری ہے، نجی سکولوں کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے پہلی بار سسٹم متعارف کروایا گیا جس کے تحت اب تک ہزاروں نجی سکول آن لائن رجسٹریشن کروا کے لائسنس حاصل کر چکے ہیں۔

مراد راس نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کورونا وائرس کی بدولت طلباء کا بہت زیادہ تعلیمی نقصان ہوا اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے اس نقصان کا ہر ممکن ازالہ کرنے کی بھرپور کاوشیں کی گئیں، سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے ایکسیلریٹد لرننگ پروگرام کے تحت کم وقت کی بدولت طلبا کی سہولت کے لئے تعلیمی نصاب میں کمی کی گئی۔

صوبائی وزیر تعلیم نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران طلبا کے لئے تعلیمی لحاظ سے جانچ پڑتال کے نظام میں اصلاحات کی گئیں ہیں اور حالات کو مدمظر رکھتے ہوئے وہ فیصلے بروئے کار لائے گئے جن کا اثر فوری اور کار آمد ہو، کورونا وائرس کی بدولت دی جانے والی تعطیلات کے دوران تعلیمی نقصان کو کم سے کم کرنے کے لئے کیبل چینل تعلیم گھر کا متعارف کرایا گیا جس سے لاکھوں طلبا مستفید ہوئے۔

ڈاکٹر مراد راس نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی بدولت سکولوں کی بندش کے پہلے مرحلے میں والدین کو سکول فیس میں 20 فیصد کی رعایت دی گئی۔ وائرس کی بدولت درپیش حالات کے دوران ہی پہلی بار اساتذہ کی آن لائن ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا اور حال ہی میں چھوٹے بچوں کی ابتدائی تعلیم کے لئے ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن سے متعلقہ کتابیں پنجاب بھر کے پرائمری سکولوں میں بلکل مفت تقسیم کی گئیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے مزید بتایا کہ سکولوں کی بندش کے دوران بچوں کی ڈراپ آئوٹ شرح میں اضافہ ہوا ہے اور یکم فروری سے طلبا کی سکولوں میں واپسی کے لیے ایک بڑی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جو کہ مرکزی سطح پر چلائی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ طلباء اور والدین کو درپیش نجی اکیڈمیوں کے حوالے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے آن لائن انصاف اکیڈمی متعارف کروانے جا رہے ہیں جس پر کام بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here