مقبوضہ بیت المقدس/تل ابیب: اسرائیل کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے شہریوں کے لیے بغیر ویزا سفر کا معاہدہ یکم جولائی 2021ء تک معطل کر دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے یہ فیصلہ کورونا وائرس کی وبا کے پھیلائو کے سبب کیا گیا ہے۔
العربیہ ٹی وی کے مطابق اسرائیل کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدہ معطل رہنے تک متحدہ عرب امارات کے سفر کے خواہش مند اسرائیلی شہریوں کو ویزا حاصل کرنا ہو گا۔ اسی طرح اسرائیل کا سفر کرنے کی کوشش کرنے والے اماراتی شہریوں کے لیے بھی ویزا لازمی ہو گا۔
متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ ویزے کے بغیر سفر کے معاہدے کی منظوری گزشتہ ہفتے دی تھی، اس معاہدے کو 30 روز بعد نافذالعمل ہونا تھا۔ یہ سمجھوتا گذشتہ برس ستمبر میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے قیام کا معاہدہ طے پانے کے بعد سامنے آیا تھا۔