اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران ملک میں زرعی ٹریکٹروں کی فروخت میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 42.87 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان آٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 2020ء کی مدت میں ملک میں 21 ہزار 765 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 42.87 فیصد زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
دسمبر 2020ء میں کاروں کی فروخت میں 20 فیصد اضافہ
چھ ماہ میں پاکستان میں کتنے موٹرسائیکل، رکشے فروخت ہوئے؟
گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے دوران ملک بھر میں 15 ہزار 234 یونٹس زرعی ٹریکٹروں کی فروخت دیکھنے میں آئی تھی۔
دسمبر 2020ء میں ملک میں زرعی ٹریکٹروں کی فروخت میں اضافہ کا تناسب 187.94 فیصد ریکارڈ کیا گیا، دسمبر 2020ء میں تین ہزار 320 یونٹس زرعی ٹریکٹر فروخت ہوئے جبکہ دسمبر 2019ء میں ایک ہزار 153 زرعی ٹریکٹر فروخت ہوئے تھے۔
ان میں فئیٹ، میسی فرگوسن اور اوریئنٹ آئی ایم ٹی کے ٹریکٹر شامل ہیں، پہلی ششماہی میں میسی فرگوسن کے 15 ہزار 538 یونٹس، فئیٹ کے چھ ہزار 198 یونٹس اور اوریئنٹ آئی ایم ٹی کے 29 ٹریکٹر فروخت ہوئے۔