صوبوں کو گندم کی یومیہ فراہمی کیلئے پائیدار ماڈل وضع کرنے کی ہدایت

نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس، وزیر خزانہ کی وزارت صنعت و پیداوار کو چینی کے سٹاک، اس کی فراہمی کی صورتحال اور ملک بھر میں چینی کی قیمتوں کی نگرانی کی ہدایت

581

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے صوبوں کو گندم کی یومیہ فراہمی کے لئے پائیدار ماڈل وضع کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ تمام صوبوں اور اضلاع میں گندم اور آٹے کی معقول نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

سوموار کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ضروری اشیاء بالخصوص گندم، چینی اور خوردنی تیل کی قیمتوں کے رجحانات کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری خزانہ نے کمیٹی کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران عام آدمی کے لئے مہنگائی کی شرح میں 0.22 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کی بنیادی وجہ انڈوں، ٹماٹر، آلو، پیاز اور چکن کی قیمتوں میں کمی ہے۔ 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، سات ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ ملک میں گندم کے سٹاک کے حوالے سے تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ ملک بھر میں گندم کی سہل انداز میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ گندم کی یومیہ فراہمی کے لئے پائیدار ماڈل کو یقینی بنائیں تاکہ تمام صوبوں اور اضلاع میں گندم کی بلا رکاوٹ اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کمیٹی کو بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ اس کے نتیجے میں ملکی مارکیٹ میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیر خزانہ نے وزارت صنعت و پیداوار کو چینی کے سٹاک، اس کی فراہمی کی صورتحال اور ملک بھر میں چینی کی قیمتوں کی نگرانی کی ہدایت کی۔

پاکستان بیورو برائے شماریات کے ممبر نے کمیٹی کو بتایا کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں نیا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے اور صوبوں کی مدد سے اس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

کمیٹی نے بیورو برائے شماریات کو اس نظام کے اطلاق میں صوبوں کے ساتھ معاونت کی ہدایت کی تاکہ صوبوں کے مابین ضروری اشیاء کی قیمتوں میں فرق نہ ہو اور ان اشیاء کی قیمتوں کی موثر طریقے سے نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو آٹے کی معقول نرخوں پر آسان انداز میں فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔ انہوں نے بالخصوص صوبوں کو ہدایت کی کہ وہ ضروری اشیاء کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here