اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کی پہلی ششماہی کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 52.37 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکر دسمبر 2020ء تک کی مدت میں 938.83 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فون سیٹ درآمد کئے گئے۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 52.37 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں 616.14 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کئے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
کسٹمز نے پانچ کروڑ کے موبائل فونز سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
پانچ ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کے درآمدی بل میں ایک ارب 16 کروڑ ڈالر کمی
دسمبر 2020ء میں دسمبر 2019ء کے مقابلہ میں موبائل فونز کی درآمدات میں 82.49 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، دسمبر 2020ء میں 214.75 ملین ڈالر کے موبائل فون درآمد کئے گئے جبکہ دسمبر 2019ء میں 117.68 ملین ڈالر کے موبائل فون درآمد کئے گئے تھے۔
ادرہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2020ء میں مشینری گروپ کا درآمدی بل ماہانہ اعتبار سے 18.16 فیصد اور سالانہ اعتبار سے 1.76 فیصد اضافے سے 86 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک جا پہنچا۔
درآمدی بل کا بڑا حصہ ٹیلی کام سیکٹر سے منسلک ہے جس کی درآمدات دسمبر 2020ء میں نومبر کے مقابلے میں 59 فیصد اور دسمبر 2019ء کی نسبت 26.32 فیصد اضافے سے 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک ریکارڈ کی گئیں۔