طیارہ ضبطی، پاکستان کا ملائیشیا، برطانیہ کی عدالتوں میں مقدمے کی پیروی کا عندیہ

کورونا کی وجہ سے لیز کی اقساط ادا نہ کر سکے، ملائیشیا کی عدالت نے پی آئی اے کو سنے بغیر فیصلہ کر دیا ، وفاقی وزیر غلام سرور خان

613

اسلام آباد/راولپنڈی: وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کورونا وائرس کی وجہ سے کوالالمپور میں روکے گئے طیارے کی لیز کی رقم ادا کرنے میں ناکام رہی جبکہ ملائیشیا کی عدالت نے پی آئی اے کا موقف سنے بغیر فیصلہ کر دیا۔

گزشتہ روز راولپنڈی کیمپ آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ پی آئی اے کے دو طیارے مسلم لیگ ن کی حکومت نے مہنگی لیز پر لئے تھے، ان طیاروں کی لیز جون 2020ء میں ختم ہوئی اور کورونا کے باعث بروقت اقساط ادا نہیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے: ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ کیوں روکا گیا؟

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ہمارا کیس لگا ہوا ہے لیکن ملائیشین عدالت نے ہمیں سنے بغیر فیصلہ کیا اور طیارہ قبضے میں لے لیا گیا۔ 22 جنوری کو برطانیہ اور 24 جنوری کو کوالالمپور کی عدالت میں پی آئی اے کے وکلاء پیش ہوں گے۔

غلام سرور خان نے کہا کہ رواں مالی سال رنگ روڈ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا جو کام 35 سالوں سے نہیں ہوئے پی ٹی آئی حکومت نے ان کاموں کا آغاز کر دیا ہے، پی ٹی آئی کارکردگی کی بنیاد پر اگلا الیکشن بھی جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ قومی و بین الاقوامی سطح کا منصوبہ ہے جس کی اصولی طور پر منظوری ہو چکی ہے، اس منصوبے کی الائنمنٹ بھی فائنل ہو چکی ہے اورچھ ارب سے زائد رقم راولپنڈی ایڈمنسٹریشن کے پاس پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رواں مالی سال، جو کہ 30 جون 2021ء تک ہے، سے پہلے رکھا جائے، اس بین الاقوامی سطح کے پراجیکٹ کے سنگ بنیاد کیلئے وزیراعظم عمران خان سے بات کی ہے اور انہوں نے اتفاق بھی کیا ہے۔

یہ بھی پرھیے: کئی سالوں کی تاخیر کے بعد راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ تکمیل کی جانب گامزن

وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی کے شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، اس مسئلے کے حل کے لئےپانچ ڈیموں پر کام شروع ہو چکا ہے، ڈڈوچہ ڈیم سے شرقی پنڈی کی 10 یونین کونسلز صاف پانی کی سہولت سے مستفید ہوں گی جبکہ دوسرا اہم پراجیکٹ چہان ڈیم ہے جس پر چھ ارب روپے لاگت آئے گی، اس ڈیم سے 10 یونین کونسلز، دھاماں سیداں سے کلیال، چک جلال دین سے لکھن دھمیال تک کو پانی فراہم کیا جائے گا۔

وزیر ہوابازی نے کہا کہ چوہدری نثار چار بار پٹرولیم کے وزیر رہے مگر بدقسمتی سے انہوں نے حلقے میں کوئی گیس کا منصوبہ نہیں دیا، ہم تھانہ روات کی یونین کونسل تخت پڑی کے سات دیہاتوں کو گیس دینے کے پراجیکٹ کا افتتاح کر رہے ہیں، اسی طرح تھانہ چونترہ کے تقریبا 12 دیہاتوں میں گیس کی منظوری کے بعد عملی طور پر کام شروع ہو چکا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here