جدہ: سعودی عرب کی جدہ اسلامک پورٹ پر 2020ء کے دوران ٹرانس شپمنٹ میں ریکارڈ اضافہ ہو اور سال بھر میں 25 لاکھ کنٹینرز کی منتقلی کی گئی۔
مقامی میڈیا نے سعودی گزٹ کے حوالے سے خبر دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب کی جدہ پورٹ پر 2020ء کے دوران کورونا وائرس کے باوجود ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز کی تعداد میں حیرت انگیز اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
بحری راستے کے ذریعے خدمات کے نظام کو جاری رکھتے ہوئے شپنگ کمپنیوں کی جانب سے 25 لاکھ کنٹینرز جدہ پورٹ کے راستے اتارے اور چڑھائے گئے، یہ تعدداد 2019ء کی تعداد کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق جدہ اسلامک پورٹ سعودی عرب کی بندرگاہوں سے ہونے والی درآمدات و برآمدات میں 70 فیصد خدمات مہیا کرتی ہے۔
بحر احمر کی بندرگاہوں میں جدہ اسلامک پورٹ کا پہلا نمبر ہے، یہ ایسے سمندری تجارتی راستے پر واقع ہے جو مشرق بعید، یورپ اور افریقہ میں جدید آلات سے لیس عالمی معیار کی 62 بندرگاہوں سے جوڑتا ہے، یہ بندرگاہ 130 ملین ٹن ترسیلات کی استعداد رکھتی ہے۔