پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ کے ترجیحی حصص کی لسٹنگ

30 کروڑ ترجیحی حصص میں سے 26 کروڑ 25 لاکھ یعنی 87.5 فیصد حصصں آئی پی او سے پہلے سرمایہ کاروں کو پیش کیے گئے، تین کروڑ 75 لاکھ حصص یعنی 12.5 فیصد عام افراد کیلئے پیش کیے گئے

108

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک نمایاں پیش رفت کے طور پر اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کے ترجیحی حصص کی لسٹنگ کے لیے گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

زیر جائزہ لسٹنگ، جو اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کی جانب سے سرمایہ کاری کا نیا موقع فراہم کرتی ہے، 31 دسمبر 2020ء کو ظہور پذیر ہوئی تھی۔

گزشتہ روز پی ایس ایکس میں کاروبار کا آغاز کرتے ہوئے اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانگیر پراچہ نے گھنٹہ بجایا۔ اس موقع پر پی ایس ایکس کے چیف آپریٹنگ آفیسر نادر رحمان، پی ایس ایکس بورڈ کے اراکین اور دونوں اداروں کی اعلی انتظامیہ کے افراد بھی موجود تھے۔

اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ نے 10 روپے فی حصصں کی فیس ویلیو پر 30 کروڑ ترجیحی حصصں پیش کر کے تین ارب روپے اکٹھے کئے، یہ حصص 10 روپے فی حصص کی ایشو پرائس پر فکسڈ پرائس طریقہ کار کے تحت پیش کیے گئے تھے۔

پیش کیے جانے والے 30 کروڑ ترجیحی حصص میں سے 26 کروڑ 25 لاکھ یعنی 87.5 فیصد ترجیحی حصصں آئی پی او سے پہلے سرمایہ کاروں کو پیش کیے گئے اور انہوں اس میں سبسکرائب کیا جبکہ تین کروڑ 75 لاکھ ترجیحی حصص یعنی 12.5 فیصد عام افراد کے لیے پیش کیے گئے۔

اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کا ترجیحی حصص کا آئی پی او زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوا جب تین کروڑ 75 لاکھ ترجیحی حصص کے ہدف کے مقابلے میں 20 کروڑ 20 لاکھ سے زائد حصص کی سبسکرپشن کے لیے درخواستیں موصول ہوئیں۔

عام افراد کے لیے پیش کیے جانے والا آئی پی او 5.39 گنا سبسکرائب ہوا یعنی 16 کروڑ 40 لاکھ حصص یا 1.645 ارب روپے زیادہ رہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے سی او او نادر رحمان نے کہا کہ ایک مستحکم، مضبوط اور ترقی کرتی ہوئی کمپنی کے ترجیحی حصص میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ اچھا موقع تھا، اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلزلمیٹڈ نے مزید توسیع اور بہتری کے لیے سرمایہ حاصل کیا ہے، ہدف سے زیادہ شمولیت سرمایہ کاروں کا کمپنی پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کے سی ای او جہانگیر پراچہ نے اس موقع پر کہا کہ اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کے ترجیحی حصص ایک زبردست ٹرانزیکشن تھی جس کے ذریعے ایک مشکل برس میں نان رائٹس بنیادوں پر ترجیحی پیسہ اکٹھا کیا گیا، اس ایشو کی کامیابی نے سرمایہ کاروں کا اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلزلمیٹڈ کے بزنس اور اس کی اسٹرٹیجک سمت پر اعتماد کو ظاہر کر دیا ہے۔

ایشو کے کنسلٹنٹ عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کے سی ای او شاہد علی حبیب نے کہا کہ میں کورونا وبا سے پیدا ہونے والے چیلنج کے باوجود ہم ترجیحی حصص کے لیے شاندار رسپانس پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے جس کا آئی پی او ادارہ جاتی، کارپوریٹ اور ریٹیل سرمایہ کاروں کی بڑی شرکت کی وجہ سے 5.4 گنا زیادہ سبسکرائب ہوا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here