وزیراعظم کا پنجاب کی زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے جامع پلان مرتب کرنے کا حکم

216

لاہور: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو زرعی پیداوار میں اضافے، ویلیو ایڈیشن اور ہر زرعی پروڈکٹ کی ویلیوچین کا علیحدہ اور جامع ایکشن پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں زرعی پیداوار کی استعداد میں اضافے اور ویلیو چین کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، خسرو بختیار، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزراء حسین گردیزی، سبطین خان، ڈاکٹر فردوس عاشق اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ نے زرعی پیداوار میں وزیراعظم کے ویژن کے مطابق اضافے اور ویلیو چین کے فروغ کے حوالے سے تجاویز پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کو کسانوں کی مالی معاونت کے لئے کسان کارڈ کے اجراء پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت زرعی پیداوار کی استعداد اور معیار کو بہتر کرنے کے لئے ہر زرعی پروڈکٹ کی ویلیو چین کے لئے علیحدہ اور جامع ایکشن پلان مرتب کرے۔

عمران خان نے مزید ہدایت کی کہ 60 فیصد آبادی زراعت کے شعبے سے منسلک ہے لہٰذا اس شعبے کی ترقی اور اس کو جدید خطوط پر استوار کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے زراعت کے شعبے کے بنیادی فوڈ سیکورٹی کے مسائل کو حل کرنے کے علاوہ زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی اور مکمل ٹائم لائن کے ساتھ جامع حکمت عملی بنانے کی تاکید کی جس کے تحت موجودہ استعد اد کو تین گنا بڑ ھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے زراعت کے شعبے میں مکمل ریفارمز کے لئے اس سے منسلک تمام شعبے جن میں لائیو اسٹاک ، زرعی پیداوار، فشریز شامل ہیں، کو جدید اور کارپوریٹ انداز میں چلانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے اس ضمن میں وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب حکومت کو زرعی شعبے کی اصلا حات میں درپیش تمام مسائل کے فوری تدارک اور حل کے لئے معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here