2021ء میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ سے متعلق موڈیز رپورٹ جاری

813
Moody’s slashes Pakistan’s credit rating to Caa3

اسلام آباد: کریڈٹ ریٹنگ کے بین الاقوامی ادارہ موڈیز نے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے اثرات کے باعث سال 2021ء کیلئے بیشتر ایشیائی ممالک کی کریڈٹ ریٹنگ منفی جبکہ پاکستان کی درجہ بندی بی تھری پر مستحکم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

موڈیز نے سال 2021ء کیلئے ایشیا اور بحرالکاہل کے خطہ کیلئے اپنی اکنامک آﺅٹ لک رپورٹ میں کہا ہے کہ اگست 2020ء میں ہمارا یہ تجزیہ ہے کہ پاکستان کے گروپ 20 کے قرضوں میں سہولت کے اقدام (ڈی ایس ایس آئی) میں شامل ہونے سے نجی شعبہ کے قرضہ دینے والے اداروں کیلئے اضافی مادی خطرات پیدا نہیں ہوں گے۔

یوں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بی تھری مستحکم رکھنے کے اقدام کی تائید ہو رہی ہے جبکہ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے اثرات کے باعث بیشتر ایشیائی ممالک کی کریڈٹ ریٹنگ منفی رہنے کا اندیشہ ہے۔

موڈیز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترقی پذیرممالک میں سے کم ترقی یافتہ ممالک میں سال 2020ء کے مقابلہ میں قرضوں کے حجم میں اضافہ متوقع ہے۔ پاکستان سمیت کئی ترقی پذیرممالک میں وبا کی وجہ سے حائل رکاوٹوں اور پابندیوں میں نرمی کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

موڈیز کے مطابق پاکستان کی زرمبادلہ کے ذخائر کے مقابلہ میں قرضوں کی ادائیگی کا حجم زیادہ ہے تاہم پاکستان کی حکومت کثیرالجہتی اور دوطرفہ ترقیاتی شراکت داروں کی مدد سے بیرونی مالی معاونت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملک میں لیکویڈیٹی (کیش) کے خطرات محدود ہو گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اُن ترقی پذیرممالک میں شامل ہے جہاں کورونا کی عالمگیر وبا کے اثرات کو کم کرنے کیلئے سماجی تحفظ کے پروگرام کا آغاز کیا گیا جس کے تحت فلاحی معاونت کے تحت نقد امداد فراہم کی گئی۔ اس اقدام سے وباء کی وجہ سے معاشرے میں امیر اورغریب کے درمیان تفریق کو کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ پاکستان کے علاوہ چین، انڈونیشیا اور فلپائن میں بھی اس نوعیت کے پروگرام شروع کئے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت، آسٹریلیا،  کوریا، جاپان، تھائی لینڈ اور کئی دیگر ممالک کے برعکس پاکستان میں فی ایک لاکھ آبادی میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح کم رہنے کا امکان ہے۔

موڈیز کی رپورٹ کے مطابق بھارت، فلپائن، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ، جاپان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سنگاپور جیسے ممالک کے برعکس پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار 2019ء کی سطح پر بحالی کے امکانات موجود ہیں۔

معیشت کی شرح نمو 1.5 فیصد رہے گی: موڈیز

علاوہ ازیں موڈیز نے اپنی رپورٹ میں رواں سال میں پاکستانی معیشت میں بہتری کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت 2021ء میں 1.5 فیصد شرح نمو کی طرف واپس آ سکتی ہے۔

کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کے بینکنگ آئوٹ لک کو مستحکم قرار دیا ہے، موڈیز کا پاکستان کے بینکنگ کے آئوٹ لک (سرگرمیوں) کو مستحکم قرار دیتے ہوئے کہنا ہے کہ 2020ء میں درپیش چیلنجز کے باوجود پاکستان کے بینکنگ سیکٹر میں واضح بہتری آئی ہے۔

بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی نے حکومت پاکستان کی جانب سے کی جانے والی بینکنگ سیکٹر میں اصلاحات اور بروقت اپنائی گئی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے بینکنگ سیکٹر میں حکومت کی اصلاحات اور پالیسی میں جامعیت و اثر اندازی آنے کی وجہ سے بھی استحکام آیا ہے۔

موڈیز نے اپنی رپورٹ میں اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے کہ 2020ء میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پوری دنیا کو شدید مشکلات کا سامنا رہا تاہم اس مشکل ترین صورت حال میں بھی پاکستانی حکومت کی جانب سے بینکنگ سیکٹر میں کی گئی اصلاحات کی وجہ سے 2020ء میں پاکستانی بینکوں کے معیار اور منافع میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here