اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز سپیکٹرم کی نیلامی مقررہ وقت کے اندر اور مکمل طور پر شفاف انداز میں سرانجام دینے کی ہدایت کی ہے۔
جمعرات کو نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز سپیکٹرم کے اجراء کیلئے قائم مشاورتی کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام سید امین الحق، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چئیرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) عامر عظیم باجوہ، سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، فریکویسنی ایلوکیشن بورڈ کے انتظامی ڈائریکٹر اور دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
چئیرمین پی ٹی اے نے کمیٹی کو ملک میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کیلئے دستیاب سپیکٹرم کی فروخت کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا۔
وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے زیادہ سے زیادہ ممکنہ سپیکٹرم کی فروخت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ڈیجیٹلائزیشن اور براڈ بینڈ خدمات کے معیار میں بہتری کے ذریعہ ملک کی مجموعی بڑھوتری میں مدد ملے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ قواعد اور طریقہ کار کے تحت دسمبر میں مشیروں کی خدمات حاصل کرنے کا عمل مکمل کیا گیا ہے اور جاری مالی سال میں دستیاب سپیکٹرم کی فروخت کے عمل میں اُن مشیروں کو شامل کیا گیا ہے۔
وزیرخزانہ نے مشیروں کو فعال اور متحرک طور پر متعلقہ نظام الاوقات کے تقاضوں پر پورا اترنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ این جی ایم ایس کے اجراء میں وقت کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، ملک بھرمیں کمیونیکیشن اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے پھیلائو میں نیلامی کے سارے عمل میں شفافیت بہت ضروری ہے۔ مشاورتی کمیٹی کاآئندہ اجلاس مارچ 2021ء میں متوقع ہے۔