اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آئندہ 25 سالوں کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے انٹیگریٹڈ ٹیلی کام سروسز لائسنس کی تجدید کر دی ہے۔
گزشتہ روز پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف ریگولیٹری آفیسر نوید خالد بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی اے کی جانب سے آئندہ 25 سالوں کیلئے لائسنس کی تجدید خوش آئند ہے، قومی ادارہ ہونے کے ناطے پی ٹی سی ایل عوام کے مابین رابطہ کاری کو آسان، تیز تر اور موثر بنانے کیلئے سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل میں کافی تبدیلیاں آئی ہیں، ہماری توجہ صارفین، شراکت داروں اور سٹیک ہولڈرز کو بہترین سروسز فراہم کرنے اور پورے ملک کو مواصلاتی حوالے سے جوڑنے پر مرکوز ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پی ٹی سی ایل کا یوفون کی فروخت کا فیصلہ بہترین کیوں؟
فائیوجی سے پانچ گنا تیز انٹرنیٹ، پی ٹی سی ایل نے نئی سروس متعارف کرا دی
اندرون سندھ میں انٹرنیٹ فراہمی کیلئے پی ٹی سی ایل کے تین ارب کے معاہدے
ان کا کہنا تھا کہ لائسنس کی تجدید سے رابطہ کاری کے میدان میں ملک کو درپیش مسائل سے نبردآزما ہوتے ہوئے پی ٹی سی ایل ترقی کی نئی منازل طے کرنے کیلئے تیار ہے۔
نوید خالد بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ پروڈکٹس اور سروسز کی توسیع کے حوالے سے بھی پی ٹی سی ایل پاکستان کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سیکٹر کی بڑی سٹیک ہولڈر ہے اور اپنے صارفین کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے کوشاں ہے۔
“پی ٹی سی ایل کے پاس چار بین الاقوامی سب میرین فائبر کیبلز کا سب سے بڑا نیٹ ورک موجود ہے جس سے ناصرف دیگر ٹیلی کام آپریٹرز استفادہ کر رہے ہیں بلکہ ملک بھر میں لاکھوں صارفین کو بھی انٹرنیٹ کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔”
واضح رہے کہ پی ٹی سی ایل نے لائسنس کی تجدید کیلئے 29 جون 2018ء کو پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کو درخواست دی تھی اور دو سال سے زائد عرصہ گزرنے پر لائسنس کی تجدید ہو سکی ہے جس کی مدت 25 سال ہے۔