اسٹیٹ بینک چوتھی بار اسلامی فنانس کو فروغ دینے والا بہترین مرکزی بینک قرار

پاکستانی بینکنگ سیکٹر کے مجموعی اثاثوں میں اسلامی بینکاری کا حصہ 16 فیصد جبکہ ڈپازٹس میں 17.3 فیصد ہے، 122 اضلاع میں تین ہزار 303 برانچوں کا نیٹ ورک کام کر رہا ہے

721

کراچی: بینک دولت پاکستان کو اسلامک فنانس نیوز (آئی ایف این)، ریڈ منی گروپ ملائشیا کی جانب سے منعقدہ ایک پول میں چوتھی مرتبہ اسلامی فنانس کو فروغ دینے والا بہترین مرکزی بینک قرار دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ مالی سال 2021ء میں اسلامی بینکاری کے حوالے سے سٹیٹ بینک کو دیا جانے والا دوسرا بین الاقوامی ایوارڈ ہے۔

قبل ازیں گلوبل اسلامک فنانس ایسوسی ایشن (جی آئی ایف اے) نے بھی اسٹیٹ بینک کو ستمبر 2020ء میں سال کا بہترین مرکزی بینک قرار دیا تھا۔

آئی ایف این نے پول کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سرفہرست آنے کے لیے ہمیشہ سخت مقابلہ دیکھنے میں آتا رہا ہے لیکن 2020ء میں اس کامیابی کا تعین گزشتہ برسوں کی نسبت کافی آسانی سے کر لیا گیا۔ 2018ء کے فاتح سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس بار تقریباََ تین چوتھائی ووٹوں کے ساتھ فیصلہ کن برتری حاصل کی۔

آئی ایف این نے مزید کہا کہ عالمی وبا کے باوجود پچھلے سولہ برسوں میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں ووٹ موصول ہوئے ہیں۔

پاکستان میں اسلامی بینکاری کے شعبے نے 2020ء میں اپنی مضبوط نمو کی رفتار کو برقرار رکھا اور ستمبر 2020ء تک بینکاری صنعت کے مجموعی اثاثوں اور ڈپازٹس میں اس کا حصہ بالترتیب 16.0 فیصد اور 17.3 فیصد رہا جبکہ ملک کے 122 اضلاع میں اس کا نیٹ ورک تین ہزار 303 برانچوں پر مشتمل ہے۔

سازگار ماحول کی فراہمی کے ذریعے مالی شمولیت میں اضافہ اور ملک میں اسلامی بینکاری کو فروغ دینا اسٹیٹ بینک کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔ اسلامی بینکاری صنعت کو حکومت پاکستان کی قومی مالی شمولیت کی حکمت عملی (این آئی ایف ایس) کا ایک لازمی حصہ بنایا گیا ہے تا کہ ان لوگوں کو خدمات فراہم کی جا سکیں جو اسلامی مصنوعات کو ترجیح دیتے ہیں یا جو مذہبی عقیدے کی وجہ سے رضاکارانہ طور پر نظام سے باہر ہیں یا انہیں زیادہ مالی سہولتیں دستیاب نہیں۔

توسیع شدہ این آئی ایف ایس 2023ء کے مطابق مجموعی بینکاری صنعت میں اسلامی بینکاری کے مارکیٹ میں حصے کا ہدف 25 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

2015ء سے اب تک دیگر بین الاقوامی اعزازوں کے علاوہ آئی ایف این کی جانب سے بہترین مرکزی بینک کے تین ایوارڈز کا حصول پاکستان میں اسلامی بینکاری کی پائیدار نمو کو فروغ دینے کے لیے اسٹیٹ بینک کے تزویراتی اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here