ڈبلیو ایچ او غریب ملکوں کو کورونا ویکسین کی دو ارب خوراکیں فراہم کرے گا

526

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی سرپرستی میں کام کرنے والے ادارے کوویکس نے کہا ہے کہ اس نے غریب ملکوں کو کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین فراہم کرنے کیلئے چھ ارب ڈالر کا فنڈ اکھٹا کیا ہے اور ویکسین کی دو ارب خوراکوں کا آرڈر دے دیا ہے۔

کوویکس کا کہنا ہے کہ وہ ویکسین کی مزید ایک ارب خوراکیں حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، ادارہ یہ ویکسین غریب اور کم آمدنی کے حامل ممالک میں صحت عامہ کے کارکنوں کو فراہم کرے گا تاکہ وہ عالمی وبا سے محفوظ رہ کر اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔

اگرچہ چین، امریکا، اسرائیل اور دوسرے ملکوں کو ویکسین کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو خدشہ ہے کہ ویکسین کے اسٹاکس کی تعداد میں جس رفتار سے کمی ہو رہی ہے، اس کے پیش نظر ہو سکتا ہے کہ کم یا درمیانی آمدنی رکھنے والے 92 ملکوں کے ہیلتھ ورکرز کے لئے کوویکس پروگرام کے ابتدائی مرحلے میں ویکسین دستیاب نہ ہو سکے۔

عالمی ادارہ صحت نے ویکسین بنانے والی کمپنیوں سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ غریب ملکوں کیلئے ویکسین کے اس کے پروگرام کوویکس کے لئے کویڈ-19 سے بچائو کے ٹیکے فراہم کریں۔

ڈبلیو ایچ او کے سنئیر ایڈوائزر بروس ایلوارڈ کا کہنا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ فروری میں کم آمدن والے اور غریب ملکوں میں ویکسی نیشن کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ سے زیادہ ملکوں میں ویکسین پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں لیکن ہم یہ سب کام تنہا نہیں کر سکتے۔ ہمیں ویکسین بنانے والوں کا اور اس سلسلے میں مالی معاونت فراہم کرنے والوں کا تعاون درکار ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here