پاکستان، ترکی کے مابین شعبہ تعلیم کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کا معاہدہ طے

ترک وزیر خارجہ کی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ کثیرالجہتی تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور، تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

717
فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد: پاکستان اور ترکی کے مابین تعلیمی شعبہ میں دو طرفہ تعاون کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا۔

اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ میں بدھ کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔

پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور ترکی کی جانب سے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کئے۔

دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق

دریں اثناء پاکستان اور ترکی نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات بدھ کو وزارت خارجہ میں منعقد ہوئے، ترک وفد کی قیادت ترک وزیر خارجہ مولود جاوش اولو جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی۔

مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور ترکی کے مابین مختلف شعبہ جات میں کثیر الجہتی اسٹریٹیجک شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفود کی سطح پر مذاکرات کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اُن کے ترک ہم منصب نے الگ ملاقات بھی کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے بین الاقوامی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک کوآپریشن کونسل کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے مابین 71 نکاتی اسٹریٹیجک اکنامک فریم ورک پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کو بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کی غیرمتزلزل حمایت پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں اور ان کے ثمرات سے ترک وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او سمیت بین الاقوامی سطح پر دونوں ممالک کے مابین نقطہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے۔

پاکستان اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے ترکی کے مختلف امور پر پاکستان کی حمایت اور معاونت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here