اسلام آباد: عالمی بینک نے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام ‘راست’ کے آغاز پر سٹیٹ بینک کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نظام سے پاکستان دنیا میں ڈیجیٹل ادائیگی کے جدید نظام رکھنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کا ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام ‘راست’ پاکستان میں قومی ڈیجیٹل ادائیگی کی حکمت عملی میں اہم سنگ میل ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ڈیجیٹل ادائیگیوں کیلئے ’راست‘ نظام کا اجراء
انہوں نے کہا کہ اس اہم ہدف کے حصول میں عالمی بینک دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ پاکستان کا شراکت دار ہے، یہ اہم قدم ہے اور اس سے پاکستان کے عوام کو فوری، آسان اور محفوظ ادائیگی میں معاونت فراہم ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ‘راست’ نظام سے مالیاتی نظام میں خواتین کی شمولیت میں اضافہ ہو گا، یہ بات خوش آئند ہے کہ راست نظام سے ناصرف احساس پروگرام بلکہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی بھی ہو گی، اس سے مالیاتی شمولیت میں اضافہ ہو گا۔
ناجی بن حسائن نے کہا کہ عالمی بینک ڈیجیٹل ادائیگی کی حکمت عملی اور اختراعی ٹیکنالوجی کے فروغ میں سٹیٹ بینک اور پاکستان کی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔