دنیا بھر میں غذائی اجناس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ

عالمی مارکیٹ میں خوردنی تیل 4.7 فیصد، ڈیری مصنوعات 3.2 فیصد چاول 8.6 فیصد، مکئی 7.6 فیصد، گندم 5.6 فیصد مہنگی ہو گئی

1661

اسلام آباد: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سات ماہ کے دوران دنیا بھر میں غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نومبر کے مقابلہ میں دسمبر 2020ء کے دوران فوڈ پرائس انڈکس میں 2.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

دسمبر 2020ء میں اوسط فوڈ پرائس انڈکس 107.5 پوائنٹس رہا جبکہ سال 2020ء کے دوران مجموعی طور پر پرائس انڈکس 97.9 پوائنٹس اوسطاََ رہا ہے جو گزشتہ تین سال کے مقابلہ میں سب سے زیادہ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

لاک ڈاون، ورکنگ آورز میں کمی، ایشیا میں ساڑھے 12 کروڑ  افراد بے روزگار

’رواں سال 70 لاکھ افراد بھوک سے مر چکے، عالمی قحط سے بچنے کیلئے  6.8 ارب ڈالر درکار‘

سال 2019ء کے مقابلہ میں گزشتہ سال 2020ء میں عالمی سطح پر غذائی اجناس کی قیمتوں میں 3.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم یہ اضافہ سال 2011ء کے 25 فیصد اضافہ سے کم رہا۔

ایف اے او کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال میں گندم، مکئی اور چاول وغیرہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی بنیادی وجہ دنیا کے بعض خطوں میں ناموزوں موسمی حالات ہیں۔

2019ء کے مقابلہ میں 2020ء کے دوران چاول کی عالمی قیمت میں 8.6 فیصد جبکہ مکئی کی قیمت میں 7.6 فیصد اور گندم کی قیمت میں 5.6 اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی طرح کھانے کے تیل کی عالمی قیمتوں میں بھی 4.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈیری مصنوعات کی قیمتیں بھی سال 2020ء کے دوران 3.2 فیصد کے قریب بڑھی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here