اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو اشیائے خورونوش قیمتوں کی نگرانی کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ عام آدمی کو مناسب نرخوں پر ضروری اشیاء کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔
نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس سوموار کو وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں گندم، چینی، انڈے اور خوردنی تیل سمیت ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کا جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو بتایا کہ مربوط کوششوں کے نتیجے میں گندم اور انڈوں کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے بتایا کہ رواں سال کرشنگ کی سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے چینی کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے جس سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان میں کمی آئے گی۔ انہوں نے خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔
حکومت پنجاب کے نمائندے نے بتایا کہ کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں چینی کی مارکیٹ میں مڈل مین کے کردار کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں، صوبے میں چینی کی قیمتیں مستحکم ہیں تاہم بعض علاقوں میں دھند اور موسمی صورت حال کی وجہ سے قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیر صنعت و پیداوار نے مڈل مین کے کردار کے خاتمے کے لئے پنجاب حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔
پاکستان بیورو برائے شماریات کے ممبر نے لائیو ڈیش بورڈ کے ذریعے ضروری اشیاء کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا، یہ نظام بیورو برائے شماریات نے مرتب کیا ہے تاکہ قیمتوں میں اتار چڑھائو کا بروقت جائزہ لیا جا سکے اور فیصلہ سازی میں آسانی ہو۔
وفاقی وزیر خزانہ نے قیمتوں کی موثر نگرانی اور مضبوط فیصلہ سازی کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان بیورو برائے شماریات کو صوبائی حکومتوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرانے کی ہدایت کی تاکہ صوبوں میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں فرق کو ختم کیا جا سکے اور نئے نظام سے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔
وزیر خزانہ نے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ قیمتوں کی نگرانی کا عمل جاری رکھیں تاکہ عام آدمی کو مناسب نرخوں پر ضروری اشیاء کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔
اجلاس میں وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو وقار مسعود، صوبائی چیف سیکرٹریز، سیکرٹری وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق، سیکرٹری صنعت و پیداوار، چیئرمین ایف بی آر، مسابقتی کمیشن کے ممبران، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے چیئرمین، منیجنگ ڈائریکٹر پاسکو، منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن، ممبر آئی ٹی اور پاکستان بیورو شماریات کے ممبر نیشنل اکائونٹس و وزارت خزانہ کے سینئر ارکان نے شرکت کی۔