فیصل آباد: صنعتوں کو بجلی فراہمی کیلئے 500 میگا واٹ کا گرڈ سٹیشن لگانے کی منظوری

گیس فراہمی کیلئے بھی ایک ارب مختص، چین 100 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے دو منصوبے لگائے گا، امریکی کمپنی نے کوڑے سے بجلی بنانے میں دلچپسی کا اظہار کیا ہے: چئیرمین فیڈمک

622

فیصل آباد: پاکستان کے پہلے سی پیک ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں لگنے والی صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کیلئے 12 ارب روپے کی لاگت سے 500 میگا واٹ کا گرڈ سٹیشن لگانے کی منظوری دیدی گئی جبکہ گیس کی فراہمی کیلئے بھی ایک ارب روپے کی رقم مختص کر دی گئی ہے۔

فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ گرڈ سٹیشن اور گیس فراہمی کے منصوبوں کے علاوہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر فیڈمک کے زیر انتظام انڈسٹریل زونز کی صنعتوں کو مارکیٹ سے سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے وفاقی حکومت نے فیڈمک کو نیپرا سے براہ راست بجلی خریدنے کی بھی اجازت دیدی ہے اور اس ضمن میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو ضروری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے “اے پی پی” سے گفتگو میں چیئرمین فیڈمک کا کہنا تھا شمسی توانائی کیلئے چین ابتدائی طور پر پچاس پچاس میگا واٹ کے دو منصوبے لگائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انرجی مکس کے تحت فیڈمک میں سولر، بائیو ماس اور سالڈ ویسٹ سے بھی بجلی بنانے کے منصوبے لگائے جائیں گے جن کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سالڈ ویسٹ سے بجلی کی پیداوار کیلئے فیڈمک کے ایک امریکی کمپنی سے معاملات طے پا چکے ہیں جس کے تحت مذکورہ کمپنی سالڈ ویسٹ سے بجلی تیار کرکے فیڈمک کو فراہم کرے گی تاکہ دن کی تینوں شفٹوں میں یہاں لگنے والی صنعتوں کا پہیہ فل کپیسٹی کے مطابق چلتا رہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here