اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر دسمبر میں ریکارڈ ترسیلات زر ارسال کرنے پر سمندر پار پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ مسلسل چھٹے ماہ کے دوران ترسیلات زر کا ماہانہ حجم دو ارب ڈالر سے زیادہ رہا ہے۔
جمعہ کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2020ء میں دو ارب 40 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر بھیجیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مجموعی ترسیلات زر کا حجم 14 ارب 20 کروڑ ڈالر ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 24.9 فیصد زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
جاپان سے پاکستان کو ترسیلات زر میں 52.1 فیصد اضافہ
کینیڈا سے پاکستان کو ترسیلات زر میں 72 فیصد اضافہ
ملائیشیا سے پاکستان کو ترسیلات زر میں 18 فیصد کمی
دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ جاری مالی سال 2020-21ء کی پہلی ششماہی کے دوران ترسیلات زر گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 25 فیصد اضافہ سے 14 ارب 20 کروڑ ڈالر رہیں اور یہ 2007ء کے بعد کسی ایک ششماہی میں ترسیلات زر کی سب سے زیادہ شرح ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق سالانہ اعتبار سے دسمبر 2020ء کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے دو ارب 40 کروڑ ڈالر پاکستان بھجوائے جو دسمبر 2019ء کے مقابلہ میں 16.2 فیصد زیادہ ہیں جبکہ ماہانہ لحاظ سے نومبر 2020ء کی نسبت 4.2 فیصد زیادہ ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق امریکا سے بھیجی گئی ترسیلات زر 15 کروڑ 92 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں 32 کروڑ دو لاکھ ڈالر جبکہ برطانیہ سے رقوم کی وصولی 22 کروڑ ڈالر کے مقابلہ میں 32 کروڑ 69 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئی۔
اسی طرح سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 57 کروڑ 70 لاکھ ڈالر پاکستان منتقل کئے تھے جبکہ رواں مالی سال کے اسی عرصہ میں ترسیلات زر کی وصولیاں 62 کروڑ 48 لاکھ ڈالر تک برھ گئیں۔
مزید برآں دبئی سے ترسیلات زر کی وصولی 45 کروڑ 66 لاکھ ڈالر، ابوظہبی سے پانچ کروڑ 10 لاکھ ڈالر، شارجہ سے 55 لاکھ ڈالر، بحرین سے چار کروڑ ڈالر، کویت سے چھ کروڑ 40 لاکھ ڈالر اور قطر اور اومان سے آٹھ کروڑ 90 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2019 میں یورپی ممالک سے 15 کروڑ ڈالر جبکہ نومبر 2020 میں 21 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر کی گئی تھیں جو دسمبر 2020ء کے دوران 24 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر ارسال کرنے کیلئے ترغیبات اور سہولیات دینے کے نتیجہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔