لاہور: پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 19ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی پانچ ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر چار ارب 59 کروڑ 22 لاکھ 87 ہزار روپے کی منظوری دے دی۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حامد یعقوب شیخ نے کی جبکہ متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران سمیت سینئر چیف کوآرڈی نیشن جاوید لطیف، اسسٹنٹ چیف کوآرڈی نیشن شاہد ادریس نے شرکت کی۔
صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ڈسٹرکٹ فیصل آباد میں ڈرائی پورٹ سے ساہیاں والا تک چک جھمرہ (لمبائی 19.27 کلومیٹر) دو رویہ روڈ کی تعمیر کیلئے ایک ارب 13 کروڑ 84 لاکھ 88 ہزار روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اسی طرح سٹی احمد پور شرقیہ ڈسٹرکٹ بہاولپور (پی سی ٹو) کے لئے میگا واٹر سپلائی اسکیم کی فزیبلٹی اسٹڈی کیلئے ایک کروڑ 23 لاکھ 83 ہزار روپے، ضلع ڈی جی خان میں اسپر لالو ڈیرہ شاہ کی تعمیر کیلئے ایک ارب 10 کروڑ 67 لاکھ 19 ہزار روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
لاہور اور قصور ڈویژن میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے بی آر بی ڈی لنک کینال کی بحالی کے سلسلہ میں فزیبلٹی اسٹڈی (پی سی ٹو) کیلئے 11 کروڑ 80 لاکھ 6 ہزار روپے اور قانون گوئی کی سطح پر لینڈ ریکارڈ سروسز (ترمیمی) کیلئے دو ارب 21 کروڑ 66 لاکھ 91 ہزار روپے جاری کرنےکی منظوری دی گئی ہے۔