ویکسین کی پہلی کھیپ رواں ماہ ملنے کی توقع، اسلام آباد میں ویکسی نیشن سینٹر قائم

490

اسلام آباد: پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ پاکستان کو کووڈ۔ 19 ویکسین کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک حاصل ہونے کی توقع ہے اور اس سلسلہ میں طبی کارکنوں کی تربیت بھی جاری ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں نوشین حامد نے کہا کہ حکومت فوری طور پر تمام سرکاری اور نجی صحت کے اہلکاروں کو تربیت دے رہی ہے تاکہ کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین جب ملے تو فوری طور پر پہلے مرحلہ میں فرنٹ لائن ورکرز کو دی جا سکے، وفاقی دارالحکومت میں یکم جنوری سے تربیت کا عمل شروع کیا گیا تھا جو 15 جنوری تک جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ ورکرز پہلے مرحلے میں تربیت حاصل کریں گے اور پھر وہ ضلعی سطح پر ویکسین دینے والوں کو تربیت دیں گے، تربیتی سیشن میں طبی کارکنوں کو پریزنٹیشن اور تدریسی ویڈیوز کے ذریعے ویکسین کی حفاظت، مانیٹرنگ، لاجسٹکس مینجمنٹ اور ڈیجیٹل ایپلی کیشن کے استعمال سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ ویکسین تیار کرنے پر کام کرنے والی متعدد کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے اور ابتدائی بات چیت جاری ہے۔ حکومت لوگوں کو ویکسین مفت فراہم کرے گی،  چینی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کا تیسرا مرحلہ بہتر انداز میں جاری ہے اور اس کے بعد یہ جلد لوگوں کو بھی دستیاب ہوجائے گی۔

دوسری جانب وزارت قومی صحت نے وفاقی دارالحکومت میں ترلائی کے مقام پر پہلا کورونا ویکسی نیشن سنٹر قائم کر دیا ہے، ابتدائی طور ویکسین اس سینٹر میں دستیاب ہو گی۔

وزارت کے حکام کے مطابق ویکسی نیشن سنٹر کو ویکسین کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہیلپ لائن 1166 کے ذریعے اپنا اندراج کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت نے مرکز میں کورونا ویکسین پر ویکسی نیشن عملے کی تربیت بھی شروع کر دی ہے، ملک میں وائرس کے مزید پھیلائو سے بچنے کے لئے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں اور اس کے علاوہ ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here