ٹیکس سال 2021ء، انکم ٹیکس ریٹرن فارم کو آسان اور سادہ بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل

ایسا انکم ٹیکس ریٹرن فارم مرتب کیا جائے گا جس میں ہر سال کم سے کم تبدیلی کرنا پڑے، بین الاقوامی طور پر رائج بہترین طریقہ کار بھی مد نظر رکھا جائے گا، ترجمان ایف بی آر

768

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2021ء کے لئے افراد، ایسوسی ایشن آف پرسنز اور کمپنیوں کے لئے انکم ٹیکس ریٹرن فارمز کو آسان اور سادہ بنانے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی۔

ترجمان ایف بی آر نے کے مطابق ٹیکس سال 2021ء سے قبل کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے تا کہ ٹیکس سال کے پہلے دن سے ہی نیا آسان اور سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم دستیاب ہو سکے۔

ممبر ان لینڈ ریونیو (آئی آر) مذکورہ پالیسی کمیٹی کی صدارت کریں گے جبکہ چیف انفارمیشن افسر، چیف آئی آر آپریشنز، چیف آئی آر پالیسی اور ایف بی آر کے آئی ٹی ونگ کے سیکنڈ سیکریٹری کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔

تشکیل شدہ کمیٹی انکم ٹیکس ریٹرن فارمز کو جس حد تک ہو سکے گا آسان اور سادہ بنانے کی کوشش کرے گی اور اس طرح کا انکم ٹیکس ریٹرن فارم مرتب کیا جائے گا کہ ہر سال کم سے کم تبدیلی کرنی پڑے۔ کمیٹی اس حوالے سے بین الاقوامی طورپر رائج بہترین طریقہ کار کو مد نظر رکھے گی۔

ترجمان نے کہا کہ کمیٹی کی تشکیل کا مقصد یہ ہے کہ ٹیکس گزاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں اور ٹیکس ریٹرن فارمز میں غیر ضروری پیچیدگیوں کو دور کیا جا سکے۔ اس اقدام کے بہترین نتائج حاصل کرنے کے لئے ایف بی آر نے ایک دوسرے مراسلہ میں آئی سی ایم اے پی ،آئی سی اے پی ، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن اور مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سے ٹیکس ریٹرن فارمز کو مزید سہل بنانے سے متعلق تجاویز بھی طلب کر لی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here