اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پورٹ قاسم پر سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے کسٹڈی ٹرانسفر سٹیشن سے بن قاسم پاور کمپلیکس تک 14 انچ قطر کی 2.4 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن بچھانے کے لئے کراچی الیکٹرک (کے ای) کو لائسنس جاری کر دیا ہے۔
لائسنس کی منظوری کے لئے کے الیکٹرک کی درخواست پر اوگرا کے فیصلے کے مطابق لائسنس 25 سال کی ابتدائی مدت کے لئے ہو گا جو چھ جنوری 2021ء سے موثر ہو گا۔
250 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی گنجائش والی پائپ لائن کے ذریعے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) سے سپلائی حاصل کی جائے گی۔
بن قاسم پاور پلانٹ ٹو سے 900 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اور اس سے موسم گرما میں کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔