امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹویٹر اکائونٹ مستقل بند

649

واشگٹن: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بہت زیادہ متحرک رہنے والے امریکی صدر کا اکائونٹ مستقل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

فرانسی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹویٹر انتظامیہ نے ایک اعلان میں کہا ہے کہ امریکی صدر کا ٹویٹر اکائونٹ مستقل طور بند کر دیا گیا ہے جس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ ان کے ٹویٹ امریکہ میں فساد اور بدامنی کو بڑھاوا دینے کے لئے استعمال ہو رہے تھے۔

اس سے قبل سات جنوری 2021ء کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اکائونٹ 12 گھنٹے کے لئے اس وقت بلاک کر دیا گیا تھا جب ان کے حامیوں نے امریکی پارلیمان پر دھاوا بول دیا تھا جہاں نومنتخب صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کے عہدوں کی توثیق کیلئے مشترکہ اجلاس جاری تھا۔

یہ بھی پڑھیے: ٹرمپ کے حامیوں کا امریکی پارلیمان پر دھاوا، چار ہلاک، واشنگٹن میں کرفیو

ٹویٹر کی جانب سے ٹرمپ کو اپنا اکائونٹ قواعدو ضوابط کے مطابق استعمال کرنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی اور بعد ازاں 12 گھنٹوں بعد اسے بحال بھی کر دیا گیا تھا۔

لیکن اب ٹویٹر کے ترجمان نے کہا ہے کہ پہلے اکائونٹ کی معطلی پر دوسرا اکائونٹ استعمال کرنا ہمارے اصولوں کے منافی ہے اس لیے موجودہ صدر کو مستقل طور پر بلاک کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ امریکی تاریخ کے پہلے صدر ہیں جنہیں ٹویٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا کمپنیاں اپنے قوانین کی خلاف ورزی پر کئی بار انتباہ بھی جاری کر چکی ہیں، ان کے کئی ٹویٹس اور پوسٹس کو ہٹایا گیا ہے۔

آٹھ جنوری کو یوٹیوب کو بھی ٹرمپ کی ایک اشتعال انگیز ویڈیو ہٹانا پڑی جس میں وہ مسلسل یہ الزام لگا رہے تھے کہ صدارتی الیکشن چوری کیا گیا اور اس کے ساتھ وہ اپنے حامی مظاہرین کو گھر لوٹ جانے کی تلقین بھی کر رہے تھے، تاہم یوٹیوب کی جانب سے ٹرمپ کے اکاؤنٹ کے خلاف مزید کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

اس سے قبل فیس بک نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کا عہدہ صدارت ختم ہونے تک انہیں اپنے سوشل میڈیا ایپس پر بلاک کر دیا ہے، ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ فیس بک کی جانب سے کسی امریکی صدر کے اکاؤنٹ کے خلاف اس قسم کی کارروائی کی گئی۔

یہ اعلان فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے 7 جنوری کو ایک پوسٹ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کمپنی کا ماننا ہے کہ صدر کو اس کے عہدے کی مدت مکمل ہونے تک ہماری سروسز کے استعمال جاری رکھنے کی اجازت دینا بہت زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here